حیدرآباد

سرکاری اسکولوں کی ترقی کیلئے 7200 کروڑ کے فنڈز جاری کئے گئے:ٹی سرینواس یادو

سرینواس یادو نے کہاکہ اسکولس میں طلبہ کو فراہم کئے جانے والے دوپہر کے کھانے کے لئے استعمال ہونے والے چاول کو تبدیل کرتے ہوئے باریک چاول سے تیار کھانا طلبہ کو فراہم کیاجارہا ہے۔اس میں معیار کا بھی لحاظ رکھاجارہا ہے۔

حیدرآباد: تلنگانہ کے وزیرافزائش مویشیاں ٹی سرینواس یادو نے نشاندہی کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرکاری اسکولوں کی ترقی کے لیے وزیراعلی کے چندرشیکھرراو کی پہل پر 7200 کروڑ کے فنڈز جاری کئے گئے۔وزیرموصوف نے صنعت نگر اسمبلی حلقہ کے پدما راؤ نگر میں سرکاری اسکول کا معائنہ کیا۔

اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ان فنڈس کے ذریعہ سرکاری اسکولس میں بہتر انفراسٹرکچر کی فراہمی کو یقینی بنایاجارہا ہے۔انہوں نے کہاکہ اسکولس کو بہتر بنانے کے سلسلہ میں ریاستی حکومت کی مساعی پر بعض غیر سرکاری تنظیمیں بھی حکومت کا تعاون کررہی ہیں۔

انہوں نے تعلیم کو اہم قراردیااور کہاکہ قبل ازیں تعلیم کے شعبہ میں کوئی تبدیلیاں نہیں کی جاتی تھی تاہم ریاست میں ٹی آرایس حکومت کے برسراقتدارآنے کے بعد اس شعبہ پر کافی توجہ دی گئی ہے اوروزیراعلی کے چندرشیکھرراو نے اسکولس اور اس کے ماحول میں تبدیلی کے ایسے پروگرام منعقد کئے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ اسکولس میں طلبہ کو فراہم کئے جانے والے دوپہر کے کھانے کے لئے استعمال ہونے والے چاول کو تبدیل کرتے ہوئے باریک چاول سے تیار کھانا طلبہ کو فراہم کیاجارہا ہے۔اس میں معیار کا بھی لحاظ رکھاجارہا ہے۔

ساتھ ہی سرکاری اسکولس میں طلبہ کو معیاری تعلیم کی فراہمی کو یقینی بنایاجارہا ہے۔حکومت کی جانب سے سرکاری اسپتالوں میں بھی تبدیلیاں کی گئی ہیں جہاں بہتر علاج کی سہولت عوام کو فراہم کی جارہی ہے۔

ان اسپتالوں میں مختلف معائنے اور آپریشنس مفت انجام دیئے جاتے ہیں۔اسی طرح ہماراگاوں ہمارااسکول پروگرام کے تحت تعلیمی نظام میں تبدیلی کے وزیراعلی خواہشمند ہیں۔