سڈنی گراونڈ کے 2 گیٹ سچن اور لارا کے ناموں سے منسوب
آسٹریلیا نے عظیم کرکٹرز سچن ٹنڈولکر اور برائن لارا کیلئے سڈنی کرکٹ گراونڈ میں اعزاز کا اعلان کیاہے۔
سڈنی: آسٹریلیا نے عظیم کرکٹرز سچن ٹنڈولکر اور برائن لارا کیلئے سڈنی کرکٹ گراونڈ میں اعزاز کا اعلان کیاہے۔
اس حوالہ سے کرکٹ آسٹریلیا نے کہا ہے کہ سڈنی کرکٹ گراونڈ کے دو گیٹ عظیم کرکٹرز کے ناموں سے منسوب کردیے گئے ہیں۔
کرکٹ آسٹریلیا نے کہاکہ سچن ٹنڈولکر کی 50 ویں سالگرہ کے موقع پر اور برائن لارا کی ایس سی جی میں 277 رنز کی اننگز کو تیس سال مکمل ہونے پر یہ اعزاز دیا گیاہے۔
مہمان ٹیم کے کھلاڑی گراونڈ میں لارا اور ٹنڈولکر گیٹس سے داخل ہوں گے جبکہ آسٹریلیا کرکٹ ٹیم سر ڈان براڈمین گیٹ سے گراونڈ میں داخل ہوتی ہے۔
سابق ہندوستانی اسٹار بلے باز سچن ٹنڈولکر نے کہا ہے کہ ہندوستان سے باہر ایس سی جی میرا فیورٹ گراونڈ ہے، میری اس گراونڈ کے ساتھ بڑی یادیں وابستہ ہیں۔
سچن ٹنڈولکر نے کہاکہ اعزاز کی بات ہے کہ مہمان ٹیمیں میرے اور میرے قریبی دوست برائن کے نام سے منسوب گیٹ استعمال کریں گی۔ ویسٹ انڈیز کے سابق مایہ ناز بیٹر برائن لارا نے کہا ہے کہ سڈنی کرکٹ گراونڈ میں اعزاز دیا جانا قابل فخر ہے۔
میں جب آسٹریلیا آتا ہوں تو ایس سی جی ضرور آتا ہوں۔ برائن لارا نے مزید کہاکہ ایس سی جی میرے لیے ایک خاص جگہ ہے اور اس کے ساتھ میر بڑی یادیں وابستہ ہیں۔ واضح رہے کہ اس سے قبل سر ڈان بریڈ مین، ایلن ڈیوڈسن اور آرتھر مورس کے ناموں سے گیٹ منسوب ہیں۔