حیدرآباد

شراب اسکام: ہتک عزت کا کیس دائر کرنے کے کویتا کا سنسنی خیز فیصلہ

کے کویتا نے وضاحت کی ہے کہ دہلی شراب اسکام سے ان کا کوئی تعلق نہیں ہے تاہم انہوں نے کہا ہے کہ اس سلسلہ میں وہ کسی بھی تحقیقات کا سامنا کرتے ہوئے تحقیقاتی ایجنسیوں کے ساتھ تعاون کریں گی۔

حیدرآباد: رکن قانون ساز کونسل کے کویتا نے کہا ہے کہ شراب اسکام میں ملوث ہونے کے جو الزامات عائد کئے جارہے ہیں وہ دروغ گوئی پر مبنی ہیں۔انہوں نے کہا کہ دہلی شراب اسکام سے ان کا کوئی تعلق نہیں ہے اس کے باوجود ان پر ملوث ہونے کے الزامات بی جے پی کے قائدین کی جانب سے عائد کئے جارہے ہیں۔

جس کی وجہ انہوں نے بی جے پی کے قائدین کے خلاف ہتک عزت کا کیس دائر کرنے کا سنسنی خیز فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے تلنگانہ کی 33ڈسٹرکٹ کورٹس میں ایک درخواست داخل کی ہے۔ دہلی بی جے پی کے ایم پی پرویش ورما اور سابق ایم ایل اے مجمدار سیسرا کی جانب سے عائد کردہ الزامات پر کے کویتا کو تشویش ہے۔

انہوں نے وضاحت کی ہے کہ دہلی شراب اسکام سے ان کا کوئی تعلق نہیں ہے تاہم انہوں نے کہا ہے کہ اس سلسلہ میں وہ کسی بھی تحقیقات کا سامنا کرتے ہوئے تحقیقاتی ایجنسیوں کے ساتھ تعاون کریں گی۔تاہم انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو نشانہ بنایاہے تاکہ قومی سطح کی سیاست میں ان کے داخل ہونے کو روکا جاسکے۔

لیکن اس طرح کے الزامات سے کے سی آر اور ٹی آر ایس کے قائدین خوف زدہ نہیں ہوں گے۔اس دوران بتایا گیا ہے کہ بنجارہ ہلز پولیس نے ان 29افراد کے خلاف کیس درج کرلیا ہے جنہوں نے کے کوتیا کے مکان پر حملہ کیا۔جن میں سے 26کو گرفتار کیا جاچکاہے جبکہ 3 مفرور ہیں۔