شہر میں ملک کا پہلا گولڈ سکہ اے ٹی ایم متعارف
یہ آٹو میٹیڈ ٹلیرمشین(اے ٹی ایم) مختلف ہے۔ یہ اے ٹی ایم، نقد رقم نہیں بلکہ سونے کے سکے تقسیم کرتی ہے۔
حیدرآباد: یہ آٹو میٹیڈ ٹلیرمشین(اے ٹی ایم) مختلف ہے۔ یہ اے ٹی ایم، نقد رقم نہیں بلکہ سونے کے سکے تقسیم کرتی ہے۔ گولڈ سکہ پرائیوٹ لمیٹیڈ نے شہر حیدرآباد کی ایک اسٹارٹ اپ کمپنی میسرس اوپن ٹیوب ٹکنالوجیز کے ٹکنالوجی کی مدد سے 3 دسمبر کو شہر میں پہلا گولڈ سکہ اے ٹی ایم کو لانچ کیا ہے۔
یہ ہندوستان کا پہلا گولڈ سکہ اے ی ایم اور دنیا کا اولین فرسٹ رئیل ٹائم گولڈ اے ٹی ایم ہے۔گولڈ سکہ کا رپوریٹ آفس بیگم پیٹ میں چیرپرسن گولڈ سکہ پرائیوٹ لمیٹیڈ امبیکا برمن کی موجودگی میں اس مخصوص اے ٹی ایم مشین کی لانچنگ تقریب کا اہتمام کیا گیا۔
اسٹیٹ چیرپرسن تلنگانہ ویمن کمیشن سنیتا لکشما ریڈی مہمان خصوصی تھیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کمپنی کے سی ای او، ایس وائی تروج نے کہاکہ کمپنی کو یہ اعلان کرتے ہوئے مسرت ہورہی ہے کہ گولڈ اے ٹی ایم، صارفین کی جانب سے سونا خریدنے کے طریقہ میں ایک انقلاب بپا کرے گی۔
ہمارے اس گولڈ اے ٹی ایم سے سونا خریدنا اتنا ہی آسان ہے جتنا کہ کسی بھی عام اے ٹی ایم سے صارفین رقم نکالتے ہیں۔ صارفین، اپنے ڈبیٹ یا کریڈٹ کارڈ استعمال کرتے ہوئے گولڈ اے ٹی ایم سے سونا خرید(حاصل) سکتے ہیں۔
متذکرہ کارڈز استعمال کرنے پر صارفین کو گولڈ اے ٹی ایم سے مختلف وزن کے جیسے 0.5 گرام، ایک گرام، 2گرام،5گرام، 10 گرام، 20 گرام، 50 گرام اور 100 گرام کے سونے کے سکے حاصل ہوں گے۔ اسکرین پر سونے کی قیمت ڈسپلے ہوتی رہے گی۔ زرد دھات کے یہ سکے 999 پیوریٹی، چھیڑ چھاڑ سے پاک پیاکٹ میں محفوظ رہیں گے، دستیاب کرائے جائیں گے اور صارفین کو ان کی رقم کی پوری قیمت فراہم کی جائے گی۔