تلنگانہ

عہدیداروں اور قبائیلیوں میں اختلافات کیلئے حکومت ذمہ دار: بنڈی سنجے

بنڈی سنجے نے حکومت پرپوڈو(ویسٹ لینڈ) اراضی مسئلے پر محکمہ جنگلات کے عہدیداروں اور قبائیلوں کے درمیان اختلافات پیدا کرنے کا الزام عائد کیا اور محکمہ جنگلات کے عہدیدارکی موت کیلئے حکومت کو ذمہ دار قرار دیا۔

حیدرآباد: صدر بی جے پی تلنگانہ بنڈی سنجے نے حکومت پرپوڈو(ویسٹ لینڈ) اراضی مسئلے پر محکمہ جنگلات کے عہدیداروں اور قبائیلوں کے درمیان اختلافات پیدا کرنے کا الزام عائد کیا اور محکمہ جنگلات کے عہدیدارکی موت کیلئے حکومت کو ذمہ دار قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر نے عام اور ضمنی انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کیلئے قبائیلیوں سے انہیں پوڈو اراضی فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ بنڈی سنجے نے اپنے بیان میں بتایا کہ قبائیلی ان ویسٹ اراضیات پر کاشت کررہے ہیں۔ کے سی آر، اب محکمہ جنگلات کے عہدیداروں کو ان اراضیات پر کی جارہی کاشت کو تلف کرنے کی ہدایت دے رہے ہیں۔

کے چندر شیکھر راؤ اس مسئلہ کیلئے مرکزی حکومت کو مورد الزام ٹھہرا رہے ہیں۔ بنڈی سنجے نے سرسلہ ضلع کے ویملواڑہ کا دورہ کرتے ہوئے معذورین میں 3.5 کروڑ کی لاگت کی اشیاء تقسیم کئے۔

انہوں نے ریاستی وزیر ملا ریڈی کے گھر اور کالجوں پر انکم ٹیکس کے دھاؤں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی شخص برسر اقتدار جماعت کے خلاف شکایت کرتا ہے تو آئی ٹی ان کے خلاف کاروائی کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریاستی وزیر ملا ریڈی نے آئی ٹی کے عہدیداروں کے ساتھ تعاون کرنے کے بجائے مرکزی حکومت پر تنقیدیں کی تھی۔ برسراقتدار جماعت کے قائدین کو اس کے بارے میں معلومات ہی نہیں ہیں۔

انہوں نے ایم ایل ایز پوچنگ کیس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ انہیں عدالتوں پر پورا بھروسہ ہے۔عدالتی احکام پر ان کی پارٹی من و عن عمل کرے گی۔ بنڈی سنجے نے ویملو واڑہ میں ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔