شیخ حسینہ کی لڑکی صائمہ واجد بھی دہلی آئیں گی
بنگلہ دیش کی وزیراعظم شیخ حسینہ‘ جی 20 چوٹی کانفرنس میں شرکت کے لئے امکان ہے کہ اپنی لڑکی صائمہ واجد کو بھی اپنے ساتھ لے آئیں گی۔ پڑوسی ملک کے عہدیداروں نے یہ بات بتائی۔
کولکتہ: بنگلہ دیش کی وزیراعظم شیخ حسینہ‘ جی 20 چوٹی کانفرنس میں شرکت کے لئے امکان ہے کہ اپنی لڑکی صائمہ واجد کو بھی اپنے ساتھ لے آئیں گی۔ پڑوسی ملک کے عہدیداروں نے یہ بات بتائی۔
شیخ حسینہ‘ جی 20 چوٹی کانفرنس کے حاشیہ پر دہلی میں وزیراعظم نریندر مودی کے ساتھ تریپورہ ریل لنک اور رام پال پاور پلانٹ کے دوسرے یونٹ کا ورچول/ آن لائن افتتاح کریں گی۔ وہ کئی معاہدوں پر دستخط بھی کریں گی جن میں دونوں ممالک کے شہریوں کے لئے روپی۔ ٹکہ کارڈ بھی شامل ہوگا۔
اس کارڈ سے دونوں ممالک کے شہریوں کو دوران ِ سفر ڈالر کے بجائے مقامی کرنسی میں ادائیگی کی سہولت ملے گی۔ بنگلہ دیشی وزارت ِ خارجہ کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے توثیق کی کہ صائمہ واجد‘ جی 20 بات چیت کے دوران دہلی میں موجود ہوں گی۔ غالباً پہلی مرتبہ صائمہ واجد اپنی ماں کے ساتھ ہندوستان کے سرکاری دورہ پر آرہی ہیں۔
تجزیہ نگاروں کا ماننا ہے کہ یہ کئی لحاظ سے اہم ہے۔ صائمہ واجد‘ آٹزم کی ماہر ہیں۔ وہ ورلڈ ہیلت آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) میں ریجنل ڈائرکٹر ساؤتھ ایسٹ ایشیا ریجن کا الیکشن لڑرہی ہیں۔
وہ چاہتی ہیں کہ ہندوستان ان کی تائید کرے۔ صائمہ واجد اسی ہفتہ صدر بنگلہ دیش محمد شہاب الدین کے ساتھ انڈونیشیا میں آسیان چوٹی کانفرنس میں موجود تھیں۔ ان کے ملک کے اعلیٰ سفارت کاروں نے جو صدر کے ساتھ موجود تھے‘ سمجھا جاتا ہے کہ صائمہ واجد کو آسیان ممالک کی تائید کے لئے لابی کی۔
ہندوستان کو ڈبلیو ایچ او کے اس عہدہ کے لئے صائمہ واجد اور نیپال کے شمبھو پرساد آچاریہ دونوں میں کسی ایک کی تائید کرنی ہوگی جو اس کے لئے کٹھن ہے۔
شیخ حسینہ نے ابھی تک یہ اشارہ نہیں دیا ہے کہ عوامی لیگ کی قیادت ان کے بعد کون سنبھالے گا۔ ان کے لڑکے جوائے واجد کو کبھی ان کا جانشین سمجھا جاتا تھا۔ صائمہ واجد نے بنگلہ دیش کی سیاست میں قدم رکھنے کا ابھی تک کوئی اشارہ نہیں دیا ہے۔