قومی ترانہ توہین کیس، 12 بی جے پی ارکان اسمبلی کو سمن
کولکتہ پولیس نے آج بی جے پی کے 12 ارکان اسمبلی کو ریاستی اسمبلی کے احاطہ میں ان کی جانب سے قومی ترانہ کی توہین پر دائر کی گئی شکایات کے سلسلہ میں پوچھ تاچھ کیلئے سمن جاری کیا۔

کولکتہ۔ : کولکتہ پولیس نے آج بی جے پی کے 12 ارکان اسمبلی کو ریاستی اسمبلی کے احاطہ میں ان کی جانب سے قومی ترانہ کی توہین پر دائر کی گئی شکایات کے سلسلہ میں پوچھ تاچھ کیلئے سمن جاری کیا۔
ارکان اسمبلی سے کہا گیا ہے کہ وہ 4 دسمبر کو وسطی کولکتہ کے لال بازار میں سٹی پولیس کے ہیڈکوارٹرس پر موجود رہیں۔
ضلع دارجلنگ کے سلیگوڑی کے بی جے پی رکن اسمبلی شنکر گھوش نے نوٹس موصول ہونے کی توثیق کرتے ہوئے کہاکہ اس معاملہ میں کوئی بھی فیصلہ مغربی بنگال میں بی جے پی مقننہ پارٹی کی جانب سے لیا جائے گا۔
ریاستی اسمبلی میں قائد اپوزیشن سویندو ادھیکاری سے بھی مشاورت کی جائے گی۔گھوش نے کہا کہ حکمراں ترنمول کانگریس کی جانب سے پولیس کے ساتھ سازباز کرتے ہوئے یہ ایک دانستہ کوشش ہے۔
قائداپوزیشن نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ اس معاملہ میں عدالت سے رجوع ہونے اور اپنے سیاسی مشیروں کے ساتھ تبادلہ خیال کرنے پر غور کررہے ہیں۔
اسی دوران ترنمول کانگریس نے اشارہ دیا ہے کہ وہ ایوان کے جاریہ سرمائی اجلاس کے دوران ایک تحریک پیش کرسکتی ہے تاکہ بی جے پی ارکان اسمبلی کی جانب سے قومی ترانہ کی توہین کی مذمت کی جاسکے۔
جمعرات کے روز 12 بی جے پی ارکان اسمبلی کے خلاف وسطی کولکتہ کے ہرے اسٹریٹ پولیس اسٹیشن ایک ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔ ترنمول کانگریس کے 3 ارکان اسمبلی نے اس معاملہ میں ان کے خلاف شکایت درج کرائی تھی۔