حیدرآباد

شرمیلا کو اپنامنہ بند رکھنے عیسائی تنظیموں کا مشورہ

شرمیلا پر عیسائی برادری کے ساتھ دغابازی کرنے کا الزام لگاتے ہوئے جیروسلم ماتیا نے کہاکہ ان تمام حقائق کے باوجود شرمیلاکی بی آر ایس جیسی سیکولر جماعت کے خلاف محاذ آرائی کرنا افسوسناک ہے۔

حیدرآباد:عیسائی تنظیموں نے وائی ایس آر تلنگانہ پارٹی کی صدر وائی ایس شرمیلا سے اپنا منہ بند رکھنے کی اپیل کی۔

آج سوماجی گوڑہ میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے صدر کرسچین دھرما کنزرویشن سوسائٹی جیروسلم ماٹیا نے کہاکہ شرمیلا کی تلنگانہ میں جاری سرگرمیاں قطعی قابل قبول نہیں۔ شرمیلا کو اپنی سرگرمیاں ترک کردینی چاہئے۔

انہوں نے کہاکہ شرمیلا کا بی جے پی کے ساتھ سازباز ہے اور ان کی یہ پارٹی سیکولرازم پر یقین نہیں رکھتی ہے اور نہ ہی عیسائی برادری سے اس کو ہمدردی ہے۔

شرمیلا پر عیسائی برادری کے ساتھ دغابازی کرنے کا الزام لگاتے ہوئے جیروسلم ماتیا نے کہاکہ ان تمام حقائق کے باوجود شرمیلاکی بی آر ایس جیسی سیکولر جماعت کے خلاف محاذ آرائی کرنا افسوسناک ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ شرمیلا نے دستور پر یقین نہ رکھنے والوں کے ساتھ دوستی کرتے ہوئے بڑی غلطی کی ہے۔ یہ عیسائی طبقہ کے مفاد میں نہیں ہے۔

صدر کرسچین سنگھ پرکاش راؤ نے کہاکہ شرمیلا نے تلنگانہ کے نام پر وائی ایس آر تلنگانہ پارٹی قائم کی اور اب تلنگانہ میں گڑبڑ پھیلانا چاہتی ہے۔

انہیں سوچنا چاہئے کہ حکومت‘ عیسائی طبقہ کی ترقی و خوشحالی کے لئے کام کررہی ہے۔ ہم کے سی آر حکومت کافی خوش اور مطمئن ہیں‘ انہیں کے سی آر اور ان کی دختر کے خلاف مخرب اخلاق لب و لہجہ استعمال نہیں کرنا چاہئے۔