شمالی بھارت

مجلس اتحاد المسلمین، مدھیہ پردیش میونسپل انتخابات میں مزید 3 نشستوں پر کامیاب

آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) نے آج مدھیہ پردیش کے بلدی انتخابات میں 3 نشستیں جیت لی ہیں۔

بھوپال: آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) نے آج مدھیہ پردیش کے بلدی انتخابات میں 3 نشستیں جیت لی ہیں۔

اس کے ساتھ ہی مقامی انتخابات میں جو ریاست میں جاریہ ماہ کے اوائل میں منعقد ہوئے تھے، اس کے ارکان کی مجموعی تعداد 7 ہوگئی ہے۔

6 جولائی کو منعقدہ مجالس مقامی انتخابات کے پہلے مرحلہ میں اسد الدین اویسی کی زیرقیادت پارٹی 4 نشستوں پر کامیاب بن کر ابھری تھی، جب کہ 31 جولائی کو منعقدہ ان انتخابات کے دوسرے مرحلہ میں اس نے اب تک تین نشستیں جیت لی ہیں۔ اس مرحلہ کے ووٹوں کی گنتی ہنوز جاری ہے۔

پارٹی کا ہیڈ کوارٹر حیدرآباد میں ہے۔ اس نے کھرگون میونسپل کونسل (کے ایم سی) میں یہ تینوں نشستیں جیتی ہیں۔ اے آئی ایم آئی ایم نے پہلی مرتبہ بی جے پی زیراقتدار مدھیہ پردیش میں شہری مجالس مقامی انتخابات میں حصہ لیا ہے۔

چہارشنبہ کے روز اے آئی ایم آئی ایم کی ارونا بائی نے اپنی قریبی حریف اور بی جے پی امیدوار سنیتا دیوی کو 31 ووٹوں سے شکست دی۔ وہ کھرگون میونسپل کارپوریشن کے وارڈ نمبر 2 سے مقابلہ کررہی تھیں۔ ارونا بائی کا تعلق درجِ فہرست ذاتوں (ایس سی) برادری سے ہے۔

انہوں نے بتایا کہ انہوں نے اسد الدین اویسی کے نظریات سے متاثر ہوکر اے آئی ایم آئی ایم میں شمولیت اختیار کی تھی، کیوں کہ وہ بابا صاحب امبیڈکر کے اصولوں کی بات کرتے ہیں۔ دیگر دو کامیاب امیدواروں میں وارڈ نمبر 15 سے شکیل خان اور وارڈ نمبر 27 سے شبنم شامل ہیں۔

کھرگون میونسپل کارپوریشن میں بی جے پی نے 18 میونسپل نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے، جب کہ کانگریس نے تین اور آزاد امیدواروں نے 8 نشستوں پر قبضہ کیا ہے۔ اتوار کے روز پہلے مرحلہ کے ووٹوں کی گنتی ہوئی تھی۔ اے آئی ایم آئی ایم نے کارپوریٹرس کی 4 نشستوں پر جیت حاصل کی ہے۔ ان میں سے 2 جبل پور اور ایک ایک برہان پور و کھنڈوا کارپوریشن کی نشستیں ہیں۔

a3w
a3w