امریکہ و کینیڈاسوشیل میڈیا

’مجھے ہندوستانیوں سے نفرت ہے‘ امریکی خاتون کا برملا اظہار

امریکی ریاست ٹیکساس میں ایک میکسکن۔ امریکن خاتون نے چار ہندوستانی نژاد امریکی خواتین کو نسلی طعنے دیئے ہیں اورانہیں مارپیٹ بھی کی ہے۔

واشنگٹن: امریکی ریاست ٹیکساس میں ایک میکسکن۔ امریکن خاتون نے چار ہندوستانی نژاد امریکی خواتین کو نسلی طعنے دیئے ہیں اورانہیں مارپیٹ بھی کی ہے۔

اس خاتون نے انہیں نسلی طعنہ دیا اورکہاکہ وہ امریکہ کو تباہ کررہی ہیں اورانہیں ہندوستان واپس چلاجانا چاہئے۔ یہ واقعہ چہارشنبہ کی رات ٹیکساس کے ڈلاس شہرمیں ایک پارکنگ لاٹ میں پیش آیا۔ اس خاتون کواب گرفتار کرلیاگیاہے۔

اس نے اپنے آپ کومیکسیکن نژاد امریکی قراردیاہے اور اسے ایک ویڈیومیں ہندوستانی امریکیوں کے ایک گروپ پرحملہ کرتے ہوئے دیکھا جاسکتاہے۔ اس ویڈیومیں ایسمیرالڈا اپٹان نامی خاتون یہ کہہ رہی ہے کہ میں تم ہندوستانیوں سے نفرت کرتی ہوں۔

یہ تمام ہندوستانی بہتر زندگی کی تلاش میں امریکہ آتے ہیں۔ اب تم لوگ اس ملک کوتباہ کررہے ہو، تم واپس چلے جاؤ۔ یہ ویڈیو وائرل ہوگیاہے اورسارے امریکہ میں ہندوستانی نژاد برادری میں صدمہ کی لہر دوڑ گئی ہے۔ اس ویڈیومیں اپٹان کو نسلی طعنے دیتے ہوئے سناجاسکتاہے۔ اس نے دوخواتین کو مارپیٹ بھی کی۔

علحدہ اطلاع کے بموجب یہ ویڈیو امریکہ میں ہندوستانی امریکی کمیونٹی میں وائرل ہوگیا جس کے بعد اس میں صدمہ کی لہر دوڑ گئی ہے۔ ویڈیو میں نظر آنے والی میکسیکن امریکی خاتون کی شناخت اسمیرالڈا اپٹان کے طورپر کی گئی ہے۔ وہ پلانو میں رہتی ہیں۔

جس شخص نے ویڈیو پوسٹ کیا ہے اس کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ ڈلاس میں اس وقت پیش آیا تھا جب میری والدہ اپنی تین دیگر سہیلیوں کے ساتھ ایک ہوٹل میں ڈنر کے لیے گئی تھیں۔ویڈیو میں ان کی والدہ کو تشدد پرآمادہ خاتون کو سمجھانے کی کوشش کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ وہ حملہ آور سے کہہ رہی ہیں کہ اس طرح کی نسلی گالیاں نہ د یں۔

میکسیکن امریکن خاتون کو ہندوستانی خواتین کی توہین کرتے ہوئے ایک مرحلے پر یہ کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے کہ وہ امریکہ میں پیدا ہوئی ہے۔لیکن میں جہاں کہیں بھی جاتی ہوں ہر جگہ تم ہندوستانی نظر آجاتے ہو۔ اس کے بعد وہ ہندوستانی امریکی خواتین کو گالیاں دینا شروع کر دیتی ہے اور اچانک ان پر حملہ کردیتی ہے۔

پلانو کی پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ58 سالہ اسمیرالڈا اپٹان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ان پر حملہ کرنے اور دہشت گردانہ دھمکی کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ جمعرات کو وہ جیل میں تھیں اور ضمانت پر رہائی کے لیے 10000ڈالر کی رقم مقرر کی گئی ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اس واقعے کی نفرت پر مبنی جرم کے طور پر بھی تفتیش کی جارہی ہے۔اس واقعے پر سوشل میڈیا میں شدید ردعمل کا اظہار کیا جارہا ہے۔