محروس دھوکہ باز سکیش چندر شیکھر کا میڈیا کو مکتوب
بی جے پی کی جانب سے دہلی کے چیف منسٹر اروند کجریوال کا لائی ڈٹیکٹر ٹسٹ کرانے کا مطالبہ کئے جانے کے بعد محروس دھوکہ باز سکیش چندر شیکھر نے دعویٰ کیا ہے کہ اُسے عام آدمی پارٹی کو رشوت دینے پر مجبور کیا گیا تھا۔

نئی دہلی: بی جے پی کی جانب سے دہلی کے چیف منسٹر اروند کجریوال کا لائی ڈٹیکٹر ٹسٹ کرانے کا مطالبہ کئے جانے کے بعد محروس دھوکہ باز سکیش چندر شیکھر نے دعویٰ کیا ہے کہ اُسے عام آدمی پارٹی کو رشوت دینے پر مجبور کیا گیا تھا۔
چندر شیکھر نے ایک اور مکتوب جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اگر اروند کجریوال اور محروس عام آدمی پارٹی قائد ستیندر جین اپنا لائی ڈٹیکٹر ٹسٹ کرانے تیار ہیں تو وہ بھی اپنا ٹسٹ کرانے کے لئے تیار ہیں۔ میڈیا کے نام اپنے مکتوب میں چندر شیکھر نے کہا کہ اِس سارے عمل کو لائیو ٹیلی کاسٹ کیا جانا چاہیے تاکہ سارا ملک کجریوال اور جین کی حقیقت جان سکے۔
اُس نے کہا ”کجریوال جی‘ ستیندر جی اب پولی گراف ٹسٹ کی تجویز پیش کی گئی ہے اور میں رضامندی ظاہر کرنے تیار ہوں، کیا آپ میں یہ ٹسٹ کرانے کی رضامندی ظاہر کرنے کی ہمت ہے؟ اگر آپ سچے ہیں اور آپ کا کہنا ہے کہ میری تمام باتیں جھوٹی اور محرکات پر مبنی ہیں تو آپ کو خوشی خوشی پولی گراف ٹسٹ کی تجویز کا خیر مقدم کرنا چاہیے“۔
چندر شیکھر نے جمعہ کے روز جاری کئے گئے مکتوب میں کہا کہ کجریوال جی چیخ و پکار کرنے کے بجائے اور یہ کہنے کے بجائے کہ بی جے پی میں کوئی ہے جو مجھے یہ سب لکھنے پر مجبور کررہا ہے تو ہمت اور حوصلہ کے ساتھ ٹسٹ کے لئے رضامندی ظاہر کردیں، اِس مسئلہ سے توجہ نہ ہٹائیں۔
کجریوال جی میں آپ سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ آپ نے اپنے دہلی اسکول کے ماڈل کے بارے میں پیڈ نیوز شائع کروانے میرے پیسے اور میرے پی آر ایجنٹ کا استعمال کیوں کیا؟۔ ایک بین الاقوامی امریکی اخبار کے صفحہئ اول پر خبر کیوں شائع کروائی۔ کیا آپ اور آپ کی پارٹی کسی نام نہاد ”ٹھگ“ کے پیسے سے یہ کام کروانا درست سمجھتے ہیں؟۔
200 کروڑ کے کیس میں میری حالیہ گرفتاری کے باوجود آپ نے میرا اور میرے پیسے کا استعمال جاری رکھا۔ اگر میں کوئی نہیں ہوں تو آپ کیوں خوف زدہ ہورہے ہیں اور ردعمل ظاہر کرتے ہوئے توجہ ہٹانے کی کوشش کررہے ہیں۔ اِس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ آپ چھپنے کی کوشش کررہے ہیں۔
لوگ بے وقوف نہیں ہیں۔ لہٰذا ایسے بیانات سے بار بار توجہ ہٹانے کی کوشش نہ کریں۔ ایسا کرنے سے کوئی مدد نہیں ملے گی۔ تحقیقات کے دوران آپ کا اور ستیندر جین کا نقاب اُتر جائے گا، اِسی لئے سی بی آئی تحقیقات کا خیر مقدم کرنے اور اپنے اور جین کے پولی گراف ٹسٹ کے لئے رضامندی ظاہر کرنے کی ہمت جٹالیں۔ میں تو ہر شکل میں تیار ہوں۔ آپ جانتے ہیں کہ مزید کئی معاملے ہیں جن کو بے نقاب کیا جانا باقی ہے۔