میں زندگی میں کبھی ماں نہیں بن سکتی، عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ سیلینا گومز نے تلخ حقیقت بتادی
سیلینا گومز کا یہ انکشاف ان کے مداحوں کے لیے ایک جذباتی لمحہ ہے اور اس بات کی علامت ہے کہ کامیابی اور شہرت کے باوجود زندگی میں کچھ حقائق انتہائی مشکل ہو سکتے ہیں۔
نیویارک: امریکی گلوکارہ اور اداکارہ سیلینا گومز نے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا ہے کہ وہ طبی مسائل کی وجہ سے کبھی ماں نہیں بن سکیں گی۔ 32 سالہ گلوکارہ نے ایک امریکی جریدے کو دیئے گئے انٹرویو میں اپنی زندگی کی اس تلخ حقیقت کے بارے میں بات کی، جس نے ان کی ذاتی زندگی پر گہرا اثر ڈالا ہے۔
سیلینا گومز نے کہا کہ ہر مرد اور عورت کے لیے خاندان بہت اہم ہوتا ہے، اور وہ بھی ہر عورت کی طرح اپنی فیملی بنانا چاہتی تھیں۔ لیکن سال 2017 میں کڈنی ٹرانسپلانٹ کے بعد ان کے جسم کو کچھ طبی مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔ ڈاکٹروں نے انہیں بتایا کہ ان کا جسم حمل کے دوران پیدا ہونے والے دباؤ کو برداشت نہیں کر سکتا، اور اس کی وجہ سے وہ کبھی بھی بچے کو جنم نہیں دے سکتیں۔
گلوکارہ نے بتایا کہ یہ حقیقت ان کے لیے بہت بڑی آزمائش تھی اور انہوں نے طویل عرصے تک اس حقیقت کو قبول کرنے میں دشواری محسوس کی۔ سیلینا نے مزید کہا کہ اتنی دولت مند اور کامیاب ہونے کے باوجود، وہ ماں بننے کی قدرتی نعمت سے محروم ہیں، اور اگر کبھی حمل کی کوشش بھی کی گئی تو یہ ان کی اور ان کے بچے کی زندگی کے لیے سنگین خطرہ ہوگا۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ اس حقیقت نے انہیں شدید ڈپریشن میں مبتلا کر دیا تھا، لیکن اب وہ اس حقیقت کو قبول کر چکی ہیں اور اپنی زندگی کو آگے بڑھانے کی کوشش کر رہی ہیں۔
سیلینا گومز کا یہ انکشاف ان کے مداحوں کے لیے ایک جذباتی لمحہ ہے اور اس بات کی علامت ہے کہ کامیابی اور شہرت کے باوجود زندگی میں کچھ حقائق انتہائی مشکل ہو سکتے ہیں۔