سوشیل میڈیاشمالی بھارت

مغربی بنگال کے وزیر کا صدر جمہوریہ کے خلاف نازیبا تبصرہ

مغربی بنگال کے وزیر اکھل گری نے صدر جمہوریہ ہند دروپدی مرمو کے خلاف نازیبا تبصرہ کیا ہے جس پر انہیں ہر طرف سے نشانہ تنقید بنایا گیا۔

نندی گرام (مغربی بنگال): مغربی بنگال کے وزیر اکھل گری نے صدر جمہوریہ ہند دروپدی مرمو کے خلاف نازیبا تبصرہ کیا ہے جس پر انہیں ہر طرف سے نشانہ تنقید بنایا گیا۔

اُن کے تبصرہ پر مبنی ویڈیو کلپ کے وائرل ہونے کے بعد گری نے ایسا ریمارک کرنے پر معافی مانگ لی۔ 17 سکینڈ کے ویڈیو کلپ میں گری کو صدر جمہوریہ کی شکل و شباہت کے بارے میں تبصرہ کرتے ہوئے سنا جاسکتا ہے۔

ریاستی وزیر نے کہا کہ ”وہ لوگ (بی جے پی) کہتے ہیں کہ میری شکل و صورت اچھی نہیں، ہم کسی کی شکل و شباہت کی بنیاد پر اُن کے بارے میں فیصلہ نہیں کرتے۔ ہم صدر جمہوریہ ہند کے دفتر کا احترام کرتے ہیں لیکن صدر جمہوریہ کیسی نظر آتی ہیں؟“ انہوں نے نندی گرام کے ایک موضع میں ایک ریالی سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی تھی۔

آج صبح نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے گری نے اِس ریمارک پر معافی مانگ لی۔ انہوں نے ایک نیوز چینل کو بتایا کہ میں معزز صدر جمہوریہ کی توہین کرنا نہیں چاہتا تھا۔ بی جے پی قائدین نے مجھ پر زبانی حملے کرتے ہوئے جو باتیں کہیں تھیں، میں اُن کا جواب دے رہا تھا۔ میری شکل و شباہت پر روزانہ تنقیدیں کی جاتی ہیں۔

اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ میں نے صدر جمہوریہ کی توہین کی ہے تو یہ غلط ہے۔ ایسا تبصرہ کرنے پر میں معافی مانگتا ہوں۔ اپنے ملک کی صدر کا میں بے حد احترام کرتا ہوں۔ بعد ازاں ایک ویڈیو میں ترنمول کانگریس کے 63 سالہ لیڈر نے کہا کہ جس طرح میں اپنے ملک کے دستور کا احترام کرتا ہوں، اُسی طرح میں صدر جمہوریہ ہند کا بھی احترام کرتا ہوں جو ملک کی سربراہ ہیں۔

میں ملک کے دستور کے مطابق کام کرتا ہوں لیکن گزشتہ چند دن سے بی جے پی لیڈر سوویندو ادھیکاری نے میرے خلاف جس قسم کے تبصرے کئے ہیں، اُن کی وجہ سے مجھے اپنی توہین محسوس ہوئی۔ میں ایک معمر شخص ہوں اور میں نے غلطی سے جذبات کی رو میں بہہ کر یہ تبصرہ کیا اور اپنی برہمی کا اظہار کیا۔ میں ایسا تبصرہ کرنے پر اظہار تاسّف کرتا ہوں۔

بی جے پی نے ترنمول کانگریس کے خلاف بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ گری کے تبصرہ سے ترنمول کانگریس کی ”مخالف قبائلی“ ذہنیت کی عکاسی ہوتی ہے۔ بی جے پی کے ریاستی صدر سکنتا مجمدار نے کہا کہ صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کا تعلق قبائلی برادری سے ہے۔ اکھل گری نے ملک کی صدر کے خلاف قابل اعتراض تبصرہ کیا ہے۔

اُن کے ریمارکس سے ترنمول کانگریس پارٹی کی مخالف قبائلی ذہنیت کی عکاسی ہوتی ہے۔ بی جے پی لیڈر امیت مالویہ نے جو مغربی بنگال کے لئے شریک انچارج ہیں، اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ ممتابنرجی کابینہ کے وزیر اکھل گری نے صدر جمہوریہ کی توہین کی ہے۔

ہم شکل و شباہت کی پرواہ نہیں کرتے لیکن آپ کی صدر کیسی لگتی ہیں‘ یہ بتائیں؟۔ انہوں نے کہا کہ ممتا بنرجی ہمیشہ سے قبائلیوں کی مخالف رہی ہیں۔ انہوں نے اِس عہدہ کے لئے صدر جمہوریہ مرمو کی تائید نہیں کی تھی اور اب یہ بات کہی گئی ہے۔