مرکز میں بی آر ایس کی تائید کے بغیر نئی حکومت کی تشکیل ناممکن : ٹی ہریش راؤ
ریاستی وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ نے کہاکہ آئندہ پارلیمانی انتخابات کے بعد بی آر ایس کی تائید کے بغیر مرکز میں نئی حکومت کی تشکیل کے امکانات موہوم ہیں۔
حیدرآباد: ریاستی وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ نے کہاکہ آئندہ پارلیمانی انتخابات کے بعد بی آر ایس کی تائید کے بغیر مرکز میں نئی حکومت کی تشکیل کے امکانات موہوم ہیں۔
آج سدی پیٹ میں ریاستی سطح کے آنگن واڑی سمیلن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ 2024 میں یقینی طور پر بی جے پی کو شکست سے دوچار کیاجائے گا۔ 2024 میں مرکز میں نئی حکومت کی تشکیل کے بعد ریاست کے حصہ کے فنڈس کو آسانی کے ساتھ حاصل کیاجائے گا۔
کل مرکز میں جو بھی حکومت بنے گی اس میں بی آر ایس کواہم کردار ادا کرنا ضروری ہوگا۔ کے سی آر کی مدد کے بغیر کوئی بھی اتحاد حکومت تشکیل نہیں دے سکے گا۔ اب تک جس طرح ہمارے حصہ کے فنڈس کو روکاگیا ہے ہم سود کے ساتھ اسے وصول کریں گے۔
راؤ نے کہاکہ مرکزی حکومت نے گزشتہ دو سال سے تلنگانہ کا جائز حصہ 1.10لاکھ کروڑ روپئے کی اجرائی کو روکے رکھاہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ بی آر ایس حکومت نے 600 آنگن واڑی عملہ کو ترقی دی ہے۔تمام اضلاع میں موجود مخلوعہ عہدوں کو پر کیاگیا۔
آنگن واڑی عملہ کے مشاہرہ میں اضافہ کے مطالبہ سے چیف منسٹر کے سی آر کو واقف کرانے کا تیقن دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ آنگن واڑی عملہ کو بھی اس بات پر غور و خوض کرناچاہئے کہ کون ان کے حق میں ہے او رکون ان کا استحصال کررہاہے۔
سی پی آئی اور سی پی ایم اپنے مفاد کے خاطر تمہیں سڑکوں پر لائیں گے۔ ان جماعتوں کے پاس کوئی کارکن نہیں ہے۔ آنگن واڑی اور آشا ورکرس کو سڑکوں پر لاکر ہاتھوں میں اپنا پرچم تھمادیتے ہیں۔ ان کے جھانسے میں آنے کی ضرورت نہیں ہے۔ صرف نقصان آپ کا ہی ہوگا۔
آپ کو اپنے سیاسی مفادات کے لیے استعمال کیاجائے گا۔ کے سی آر کو عوام پرور حکمراں قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کے سی آر ہمیشہ عوام کی ترقی اور خوشحالی کے متعلق فکر مند رہتے ہیں وہ آنگن واڑی ورکرس کی آواز نہیں دبائیں گے۔ آپ سب ہمارے افراد خاندان کی طرح اور آپ کے مسائل حل کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔