مساجد میں دینی گرمائی کورس قائم کرنے کی اپیل
مولانا غیاث احمد رشادی کی راست نگرانی میں موسم گرما کی تعطیلات کے پیش نظر حیدرآباد کے مختلف محلہ جات میں اسکولی طلباء وطالبات کی دینی تعلیم و اسلامی تربیت کیلئے دینی تربیتی گرمائی کورس کے 200 سنٹرز قائم کئے جا رہے ہیں
حیدرآباد: مولانا حبیب الرحمن حسامی منیجر مراکز نسوان کی اطلاع کے مطابق منبر و محراب فاؤنڈیشن انڈیا کے زیر اہتمام مولانا غیاث احمد رشادی کی راست نگرانی میں موسم گرما کی تعطیلات کے پیش نظر حیدرآباد کے مختلف محلہ جات میں اسکولی طلباء وطالبات کی دینی تعلیم و اسلامی تربیت کیلئے دینی تربیتی گرمائی کورس کے 200 سنٹرز قائم کئے جا رہے ہیں تاکہ ان طلباء و طالبات کو دین اسلام کی بنیادی اور ضروری معلومات سے آگاہ کیا جائے اور رسول رحمت صلی اللہ علیہ وسلم کی پاکیزہ سیرت ان کے ذہنوں میں پیوست کی جائے۔
یہ کورس 4مئی تا 3جون چلے گا۔ اس کورس میں مولانا غیاث احمد رشادی کی ترتیب دی گئی کتاب دینی گرمائی کورس حصہئ اول و دوم پڑھائی جائے گی جو چالیس اسباق پر مشتمل ہے جس میں روزانہ عقائد اسلام، مسائل فقہ، سیرت رسول،اخلاق نبوی و آداب زندگی،دعائیں اور احادیث کے علاوہ سوالات و جوابات تحریر ہیں۔
ان دو حصوں میں رسول رحمت صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت بھی بیان کی گئی ہے۔اس کے علاوہ دس تا پندرہ چھوٹی چھوٹی سورتیں لفظی ترجمہ اور ترجمہ کے ساتھ پڑھائی جائیں گی۔
ان تمام سنٹرز کو دو سیکشن میں تقسیم کیا گیا ہے۔پہلا سیکشن اسکولس اور کالجس کی نوجوان طالبات کیلئے منبر و محراب فاونڈیشن کے تحت قائم تمام مراکز نسوان میں ہی دینی گرمائی کورس کے سنٹرس قائم کیے جارہے ہیں جہاں دیڑھ گھنٹہ کی ترتیب پر تعلیم ہوگی۔
یہ مراکز زیادہ تر حافظ بابا نگر، شاہین نگر، غوث نگر، وادی مصطفی، مولا علی، کشن باغ، میر محمود پہاڑی، پہاڑی شریف اور عطاپور وغیرہ میں قائم ہیں۔ ان سنٹرس کیلئے 70 معلمات مقرر ہیں۔
دوسرا سیکشن 6 سال سے 15 سال کے بچوں اور 6سال سے بارہ سال کی بچیوں کے لیے شہر کے مختلف محلہ جات کے مساجد یا مدارس وغیرہ میں دینی گرمائی کورس کے 130 سے زائد دینی تربیتی گرمائی کورس کے سنٹرز قائم کیے جا رہے ہیں۔
ان سنٹرس کیلئے معلمین کو با تنخواہ مقرر کیا گیا ہے۔ ان 200 سنٹرس سے دس ہزار سے زائد طلباء و طالبات استفادہ کریں گے۔ مولانا غیاث احمد رشادی نے یہ درد مندانہ اپیل کی کہ وقت کا تقاضا ہے کہ اسکولی طلباء و طالبات کی دینی تعلیم و تربیت کے لیے مساجد کی انتظامی کمیٹیوں کے ذمہ داران اپنی اپنی مسجدوں میں دینی گرمائی کورس کے سنٹرس قائم کریں۔
اگر ان مساجد کے لیے دینی گرمائی کورس نامی کتاب کی ضرورت محسوس ہو تو رشادی پبلشرز سے رابطہ کریں، رعایتی قیمت پر دی جائے گی جس کیلئے فون 8019878784 پر رابطہ کریں۔
مولانا نے اہل خیر سے اپیل کی کہ یہ سنٹرس زیادہ تر سلم علاقوں میں قائم ہیں اور ان سے فیس بھی نہیں لی جارہی ہے۔ ظاہر ہے کہ ان سنٹرس کے لیے کثیر اخراجات بھی ہیں اس لیے اپنی جانب سے امداد بھی فرمائیں۔ فون 9394419806 پر رابطہ کریں۔