مشرق وسطیٰ

مسجد قباء کا توسیعی پراجکٹ: 200 سے زائد املاک کو حاصل کرنے ایم آر ڈی اے کا اعلان

مدینہ ریجن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی ایم آر ڈی اے نے مسجد قبا کی توسیع کیلئے شاہ سلمان پراجکٹ کے پہلے مرحلہ کو روبہ عمل لانے کے منصوبہ کا اعلان کیا ہے۔

مدینہ منورہ: مدینہ ریجن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی ایم آر ڈی اے نے مسجد قبا کی توسیع کیلئے شاہ سلمان پراجکٹ کے پہلے مرحلہ کو روبہ عمل لانے کے منصوبہ کا اعلان کیا ہے۔

توسیع کی نئی کارروائی میں مسجد کے اطراف و اکناف علاقوں کو ترقی دینا ہے جبکہ مسجد کے مجموعی رقبہ میں 10 گنا اضافہ ہوجائے گا اور66 ہزار مصلیاں کی گنجائش فراہم ہوگی۔

توسیعی پراجکٹ کے پہلے مرحلہ کیلئے 200 سے زائد رئیل اسٹیٹ املاک کو حاصل کیا جائے گا۔ پراجکٹ کے علاقہ میں واقع رئیل اسٹیٹ مالکین پر اتھاریٹی نے زور دیا ہے کہ وہ اپنی جائیدادوں کا تخلیہ کریں اور معاوضہ کی کارروائی کو قطعیت دینے کیلئے اتھاریٹی کے محکمہ جائیداد سے ربط پیدا کرتے ہوئے اپنی املاک کا تخلیہ کریں۔

مسجد کی توسیع کے پہلے مرحلہ میں 200 سے زائد رئیل اسٹیٹ جائیدادوں کا حصول شامل ہے اور اتھاریٹی کھجورکے درختوں کی تعداد میں اضافے اور فارمس کے تحفظ کے منصوبہ کے دائرہ کار میں کام کررہی ہے تاکہ انہیں مسجد کے کامپلکس میں ضم کیا جائے۔ اس کے علاوہ تاریخی مقامات کا تحفظ اور انہیں مسجد سے مربوط کرنا بھی شامل ہے۔

اتھاریٹی نے جائیدادوں کے مالکین کو ایک ماہ کی مہلت دی ہے۔ جس کے بعد پانی‘ برقی اور دیگر عوامی خدمات کو ان جائیدادوں کے انہدام سے قبل رجب کے آغاز پر منقطع کردیا جائے گا۔ مسجد قبا کیلئے سلمان پراجکٹ میں متعدد وقف اور تاریخی فارمس شامل ہیں اور اس کے علاوہ مسجد سے متصل مکانات بھی اس میں شامل ہیں۔

گذشتہ جمعرات پراجکٹ مدینہ پراجکٹ ایگزیبیشن بعنوان MEDEX 2022 کے افتتاحی اجلاس کو مخاطب کرتے ہوئے امیر مدینہ پرنس خیصر بن سلمان نے پرعزم قبا مسجد توسیع کے بارے میں بتایا اور کہا کہ پراجکٹ اندرون چندماہ روبہ عمل لایا جائے گا۔ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان اس پراجکٹ کو خصوصی اہمیت دے رہے ہیں اور ولیعہد اور وزیراعظم محمد بن سلمان نے رمضان 2022 کی ابتداء میں اس پراجکٹ کا آغاز کیا تھا۔

قباء مسجد کی توسیع کے جائزوں کی تکمیل کیلئے تقریباً 6 تا 7 سال لگے۔ گذشتہ جولائی کو مجلس وزراء نے قباء مسجد کی نگرانی کی ذمہ داری وزارت اسلامی امور کے بجائے ایم آر ڈی اے کو منتقل کرنے کی منظوری دی تھی۔ توقع ہے کہ مسجد کی دیکھ بھال اور دیگر سرگرمیاں بھی وزارت اتھاریٹی کو منتقل کرے گی۔

مسجد قباء پہلی مسجد ہے جس کی نگرانی اتھاریٹی کررہی ہے جبکہ یہ مسجد مدینہ منورہ میں مسجد نبویؐ کے بعد دوسری سب سے بڑی مسجد سمجھی جاتی ہے۔ ولیعہد نے قباء مسجد کی توسیع کا اعلان کیا تاکہ 66 ہزار مصلیان کے لئے گنجائش فراہم ہو اور اس کے رقبہ میں 10 گنا اضافہ ہو۔

توسیعی پراجکٹ کی تکمیل کے ساتھ ہی قباء مسجد سعودی عرب کی ایک بہت بڑی مسجد مصلیان کی گنجائش کے لحاظ سے بن جائے گی جبکہ مکہ کی مسجد الحرام اور مدینہ منورہ کی مسجد نبویؐ کے بعد یہ تیسری سب سے بڑی مسجد ہوگی۔ توسیعی پراجکٹ کا مقصد مصلیان کی کثرت کے موقع پر بڑی تعداد میں انہیں جگہ فراہم کرنا اور مذہبی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔ قباء سنٹر کی تاریخی خصوصیات اس کے شہری اور آرکیٹکچر کے طرز کے ساتھ تحفظ کیا جائے گا اور مسجد کے قریب تاریخی یادگاروں کو بھی محفوظ رکھا جائے گا۔

a3w
a3w