مہاراشٹرا

ممبئی مہاراشٹرا کا ہے، کسی کے باپ کا نہیں: پھڈنویس

مہاراشٹرا کے ڈپٹی چیف منسٹر دیویندر پھڈنویس نے زور دے کر کہا کہ ممبئی مہاراشٹرا کا ہے اور اس دارالحکومت پر کسی کے بھی دعوےٰ کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

ناگپور: مہاراشٹرا کے ڈپٹی چیف منسٹر دیویندر پھڈنویس نے زور دے کر کہا کہ ممبئی مہاراشٹرا کا ہے اور اس دارالحکومت پر کسی کے بھی دعوےٰ کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور دونوں ریاستوں کے درمیان سرحدی تنازعہ کے درمیان کرناٹک کے بعض قائدین کی جانب سے کیے گئے ریمارکس کی مذمت کی جاتی ہے۔

مہاراشٹرا قانون ساز اسمبلی میں پھڈنویس نے کہا کہ ریاست کے احساسات سے کرناٹک حکومت اور مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کو واقف کروایا جائے گا۔ ایوان میں یہ مسئلہ اٹھاتے ہوئے قائد اپوزیشن اجیت پوار (این سی پی) نے دعویٰ کیا کہ کرناٹک کے چیف منسٹر اور وزراء اپنے ریمارکس کے ذریعہ مہاراشٹرا کے وقار کو ٹھیس پہنچارہے ہیں اور مہاراشٹرا حکومت اسی انداز میں جواب نہیں دے رہی ہے۔

پوار نے کہا کہ وزیر قانون (کرناٹک) مدھو سوامی نے مطالبہ کیا تھا کہ ممبئی کو مرکزی زیرانتظام علاقہ قرار دینا چاہیے۔ (بی جے پی کے رکن اسمبلی) لکشمن سوادی نے ممبئی کو کرناٹک کا حصہ بتاکر مراٹھی عوام کے زخموں پر نمک چھڑکا ہے۔“

این سی پی لیڈر نے چیف منسٹر سے اس کی سخت الفاظ میں مذمت کرنے کا مطالبہ کیا۔ پھڈنویس نے کہا کہ ممبئی مہاراشٹرا کا ہے، کسی کے باپ کا نہیں۔ ہم ممبئی پر کسی کے بھی دعوے کو برداشت نہیں کریں گے اور اپنے احساسات سے کرناٹک حکومت اور مرکزی وزیر داخلہ کو واقف کروائیں گے۔“ انہوں نے کہا کہ مرکزی وزیر داخلہ شاہ سے ”ایسے منہ زور قائدین“ کی سرزنش کرنے کی گزارش کی جائے گی۔

پھڈنویس نے کہا کہ دونوں ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کے ساتھ اجلاس میں فیصلہ کیاگیا تھا کہ کسی بھی فریق کی جانب سے کوئی تازہ دعویٰ نہیں کیا جائے گا۔ کرناٹک کے ارکان اسمبلی یا کرناٹک کے کانگریس صدر کے بیانات اس فیصلے سے متضاد ہے۔ ممبئی پر کوئی بھی دعویٰ برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ہم اس کی مذمت کرتے ہیں۔ ہم (کرناٹک حکومت کو) مکتوب تحریر کرکے ان بیانات کی مذمت کریں گے۔