مسلمان فلسطین اور ملک کے پارلیمانی الیکشن کے لئے دعا کا اہتمام کریں : صدر مسلم پرسنل لاء بورڈ
تمام مسلمانوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ رمضان المبارک کا آخری عشرہ چل رہا ہے، یوں تو رمضان کا پورا مہینہ ہی اللہ تعالیٰ کی رحمت اور دعا کی قبولیت کا ہے لیکن خاص کر آخری عشرہ جس کی طاق راتوں میں شب قدر کا زیادہ امکان ہے۔
حیدرآباد: حضرت مولانا خالد سیف اللہ رحمانی صدر آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے تمام مسلمانوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ رمضان المبارک کا آخری عشرہ چل رہا ہے، یوں تو رمضان کا پورا مہینہ ہی اللہ تعالیٰ کی رحمت اور دعا کی قبولیت کا ہے لیکن خاص کر آخری عشرہ جس کی طاق راتوں میں شب قدر کا زیادہ امکان ہے۔
اس کی اہمیت دعاء کی قبولیت کے اعتبار سے اور زیادہ ہے، اس موقع پر تمام لوگ خصوصی طور پر دو باتوں کے لئے دعاء کا اہتمام کریں، ایک یہ کہ فلسطین کے مظلوم بھائیوں کو صہیونی اور صلیبی طاقتوں کے ظلم سے نجات ملے، عالم اسلام میں دینی غیرت وحمیت بیدار ہو اور وہ مسجد اقصیٰ کی حفاظت کے لئے پوری جرأت کے ساتھ اٹھ کھڑے ہوں،
دوسرے عنقریب جو پارلیمانی الیکشن ہونے والا ہے، اس کے لئے دعاء کریں کہ اس میں انصاف پسند طاقتیں اقتدار میں آئیں، نفرت پھیلانے والی، قومی یکجہتی کو متاثر کرنے والی اور ملک کے دستور کو مجروح کرنے والی طاقتیں اقتدار پر فائز نہیں ہوں،
اس وقت ضرورت ہے کہ پورے خشوع وخضوع اور انابت کے ساتھ دعاء کا اہتمام کریں کیونکہ زمین کے سارے فیصلے آسمان پر ہوتے ہیں، اور حالات کے بناؤ اور بگاڑ کا اختیار اللہ ہی کے حکم سے ہوتا ہے،
اللہ تعالیٰ فلسطینیوں کی مدد فرمائے اور ملت اسلامیہ ہند کو اپنی مسجدوں، مدرسوں اور شرعی قوانین کے ساتھ اس ملک میں رہنے کے پُر امن مواقع میسر آئیں۔