ٹی ایس پی سی ایس پیپر لیک معاملہ، مزید6 گرفتار
ایس آئی ٹی نے دو بروکرس (ایجنٹ) اور 4امیدواروں کو جنہوں نے اسسٹنٹ اگزیکٹیو انجینئر(اے ای ای) اور اسسٹنٹ انجینئر(اے ای) کے امتحانات میں شرکت کی تھی کو گرفتار کرلیا ہے۔ اس طرح گرفتار شدگان کی تعداد بڑھ کر 27ہوگئی۔
حیدرآباد: تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن (ٹی ایس پی ایس سی) امتحانی پرچہ افشا کیس جسے ابتدا میں جس طرح سوچا گیا تھا، اب یہ معاملہ اُس سے زیادہ پیچیدہ ہوتا جارہا ہے کیونکہ ریاستی پولیس کی اسپیشل انوسٹی گیشن ٹیم(ایس آئی ٹی) نے پیپر لیک معاملہ کے تار دور، دور تک پھیلے ہوئے پایا ہے۔
ایس آئی ٹی نے دو بروکرس (ایجنٹ) اور 4امیدواروں کو جنہوں نے اسسٹنٹ اگزیکٹیو انجینئر(اے ای ای) اور اسسٹنٹ انجینئر(اے ای) کے امتحانات میں شرکت کی تھی کو گرفتار کرلیا ہے۔ اس طرح گرفتار شدگان کی تعداد بڑھ کر 27ہوگئی۔
ان امیدواروں نے مبینہ طور پر ا ے ای ای اور اے ای کے امتحانی پرچہ سوالات، دونوں بروکرس کے ذریعہ اصل ملزم پروین کمار کے خریدے تھے۔ ان امیدواروں نے ہر ایک پرچہ سوالات کیلئے10لاکھ،10لاکھ روپے ادا کئے تھے۔
انہوں نے ایڈوانسڈ کے طور پر ایک لاکھ سے1.50لاکھ روپے ادا کئے تھے اور مابقی رقم، امتحان کے نتائج کی اجرائی کے بعد ادا کرنے کا وعدہ کیا گیا تھا۔ ایس آئی ٹی نے ناگر کرنول سے ادی سائی باب اور حدوات شیو ا کمار، ناگر جنا ساگر سے رماوت مہیش اور ضلع کھمم سے پونم ورون کو گرفتار کیا ہے۔
ایس آئی ٹی کو مزید تین افراد کی تلاش ہے جن پر پرچہ سوالات خرید نے کا الزام ہے۔ ایس آئی ٹی نے حیدرآباد سے مرلیدھر ریڈی اور ورنگل سے منوج کمار کو بھی گرفتار کرلیا ہے۔ ان دونوں پر اصل ملزم پروین کمار کے توسط سے ان پرچہ سوالات کو فروخت کرنے کا الزام ہے۔
ایس آئی ٹی کی جانب سے پروین کمار کے سوشل میڈیا اکاونٹس کی چھان بین کے بعد تازہ گرفتاریاں عمل میں آئی ہیں۔