شمالی بھارت

گجرات اسمبلی انتخابات: یکم دسمبر کو پہلے مرحلہ کی رائے دہی

پہلے مرحلہ کے دیگر اہم امیدواروں میں کرکٹ کھلاڑی رویندر جڈیجہ کی بیوی روابا جڈیجہ‘ بی جے پی ارکان اسمبلی ہرش سنگھوی اور پورنیش مودی اور بھاؤنگر رورل سے 5 مرتبہ رکن اسمبلی رہ چکے پرشوتم سولنکی شامل ہیں۔

احمدآباد: گجرات اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلہ میں جمعرات کے روز سوراشٹرا۔ کچ میں 19  اضلاع اور ریاست کے جنوبی علاقوں کی 89 نشستوں پر رائے دہی ہوگی۔ 788  امیدوار میدان میں ہیں۔

بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی) کی زیراقتدار ریاست میں پہلے مرحلہ کی انتخابی مہم منگل کے روز 5 بجے شام ختم ہوئی۔ ریاستی چیف الیکٹورل آفیسر نے اپنے ایک صحافتی بیان میں بتایا کہ جمعرات کو 14,382 پولنگ اسٹیشنوں پر صبح 8 بجے تا شام 5 بجے کے دوران ووٹنگ ہوگی۔

پہلے مرحلہ میں جن 89 نشستوں پر رائے دہی کرائی جارہی ہے‘ 2017کے الیکشن میں بی جے پی نے ان میں سے 48 پر کامیابی حاصل کی تھی جبکہ کانگریس نے 40 پر اور ایک نشست پر آزاد امیدوار نے کامیابی حاصل کی تھی۔

بی جے پی کے علاوہ کانگریس‘  عام آدمی پارٹی (اے اے پی) اور 36 دیگر سیاسی جماعتوں بشمول بی ایس پی‘ ایس پی‘ سی پی آئی ایم  اور بھارتیہ ٹرائبل پارٹی(بی ٹی پی) نے بھی اپنے امیدوار کھڑے کئے ہیں۔ بی جے پی اور کانگریس تمام 89 نشستوں پر مقابلہ کررہی ہیں۔

نئی پارٹی اے اے پی 88 نشستوں پر مقابلہ کررہی ہے۔ سورت ایسٹ حلقہ کے اس کے امیدوار نے اپنی نامزدگی واپس لے لی جس کے نتیجہ میں پہلے مرحلہ میں پارٹی کے پاس ایک سیٹ کم ہوگئی ہے۔

 دیگر جماعتوں میں بی ایس پی نے 57  امیدوار‘ بی ٹی پی نے 14  اور سی پی آئی ایم نے 4  امیدوار کھڑے کئے ہیں۔ پہلے مرحلہ کے انتخابات میں لگ بھگ 339 آزاد امیدوار بھی میدان میں ہیں۔ 788  امیدوار کے منجملہ 70 خواتین ہیں جن میں بی جے پی کی جانب سے امیدوار بنائی گئی 9‘ کانگریس کی 6   اور اے اے پی کی 5  خاتون امیدوار شامل ہیں۔

عام آدمی پارٹی کے چیف منسٹری کے امیدوار ایسودان گدھوی نے سوراشٹرا ریجن کے ضلع دوارکا کے دیوبھومی کی کھمبالیہ نشست سے مقابلہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ عام آدمی پارٹی کے ریاستی یونٹ کے صدر گوپال ایٹالیہ سورت کے کٹرگام سے مقابلہ کررہے ہیں۔

پہلے مرحلہ کے دیگر اہم امیدواروں میں کرکٹ کھلاڑی رویندر جڈیجہ کی بیوی روابا جڈیجہ‘ بی جے پی ارکان اسمبلی ہرش سنگھوی اور پورنیش مودی اور بھاؤنگر رورل سے 5 مرتبہ رکن اسمبلی رہ چکے پرشوتم سولنکی شامل ہیں۔

a3w
a3w