کھیل

کرسٹیانو رونالڈو کا سعودی فٹ بال کلب کے ساتھ ہزاروں کروڑ روپے کے عوض معاہدہ

رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ رونالڈو کو فی سیزن 200 ملین یورو (173 ملین پاؤنڈ) ملیں گے۔ انہیں ڈھائی سال کے معاہدے کی پیشکش کی گئی ہے۔

دبئی: پرتگال کے اسٹار فٹ بالر اور کروڑوں فٹبال شائقین کے ہیرو کرسٹیانو رونالڈو نے سعودی عرب کا ایک فٹ بال کلب جوائن کرلیا ہے۔

ایک ہسپانوی اخبار مارکا نے رپورٹ کیا ہے کہ اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو ورلڈ کپ کے بعد سعودی عرب کے کلب النصر میں شامل ہونے کے لئے تیار ہیں۔ رپورٹ کے مطابق، رونالڈو نے سعودی عرب کے النصر کلب کے ساتھ 500 ملین یورو کا معاہدہ کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔

رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ رونالڈو کو فی سیزن 200 ملین یورو (173 ملین پاؤنڈ) ملیں گے۔ انہیں ڈھائی سال کے معاہدے کی پیشکش کی گئی ہے۔ معاہدہ ہوجاتا ہے تو انہیں زائداز 4222 کروڑ ہندوستانی روپے حاصل ہوں گے۔

رونالڈو اپنی سابق ٹیم مانچسٹر یونائیٹڈ کا گزشتہ ہفتے معاہدہ ختم کرنے کے بعد نئی ٹیم کی تلاش میں ہیں۔ 37 سالہ کھلاڑی نے اس ماہ کے شروع میں ایک انٹرویو کے دوران مانچسٹر یونائیٹڈ کے مینیجر پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ انہیں کلب چھوڑنے کے لئے ہراساں کررہے ہیں اور کلب کی خراب کارکردگی کے لئے انہیں ذمہ دار ٹھہرانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

اس کے بعد مانچسٹر یونائیٹڈ سے رونالڈو کی رخصتی یقینی ہوگئی تھی۔ انٹرویو کے کچھ ہی دن بعد انہوں نے کلب چھوڑدیا اور نئے کلب کی تلاش میں تھے۔ النصر کے ساتھ معاہدہ کی اطلاعات اس سے پہلے بھی آئی تھیں۔

اطلاعات ہیں کہ وہ سعودی عرب کے النصر کلب کے آفر کو قبول کرچکے ہیں اور اس کے ساتھ انہوں نے ڈھائی سال کا معاہدہ بھی کرلیا ہے۔ اس کا مطلب وہ 40 سال کی عمر کو پہنچنے تک فٹبال کھیلنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

تاہم رواں ورلڈ کپ ان کا آخری فیفا ورلڈ کپ سمجھا جارہا ہے۔