میں نے کسی کا نام نہیں لیا: گرفتار راجہ سنگھ کا دعویٰ
راجہ سنگھ نے کہاکہ وہ خوفزدہ نہیں ہے کیونکہ اس نے کوئی غلط بات نہیں کہی۔راجہ سنگھ نے کہا کہ اس نے کسی کا نام نہیں لیا اور کسی کا حوالہ نہیں دیاہے۔اگر اس نے کسی کا نام لیا ہے تو پولیس سے اس خصوص میں شکایت کی جائے۔
حیدرآباد: محسن انسانیت حضور اکرم ؐ کی شان اقدس میں گستاخی کرنے والے تلنگانہ بی جے پی کے رکن اسمبلی راجہ سنگھ نے اپنی گرفتاری سے پہلے میڈیا سے بات کرتے ہوئے دعوی کیا کہ اس نے اپنی ویڈیو میں کسی کا نام نہیں لیا ہے۔اس نے کہاکہ اسٹانڈ اپ کامیڈین منور فاروقی نے بھگوان رام اور سیتا کانام لیا تھا تاہم اس (راجہ سنگھ) نے کسی کا نام نہیں لیا ہے۔
زعفرانی جماعت کے رکن اسمبلی نے پوچھا کہ اس کی کہی ہوئی بات سے کیا کوئی واقعہ پیش آیا؟اس پر کیوں ہنگامہ آرائی کی جارہی ہے؟اس نے کہاکہ بی جے پی تلنگانہ میں مستحکم ہورہی ہے۔ پارٹی کے ریاستی صدربنڈی سنجے یاترا کررہے ہیں، اس نے الزام لگایا کہ حکمران جماعت ٹی آرایس، بی جے پی کا گلا دبانے کا منصوبہ رکھتی ہے۔
اس نے کہاکہ وہ خوفزدہ نہیں ہے کیونکہ اس نے کوئی غلط بات نہیں کہی۔راجہ سنگھ نے کہا کہ اس نے کسی کا نام نہیں لیا اور کسی کا حوالہ نہیں دیاہے۔اگر اس نے کسی کا نام لیا ہے تو پولیس سے اس خصوص میں شکایت کی جائے۔
اس نے کہاکہ پولیس نے اس کے خلاف کس مسئلہ پر ایف آئی آردرج کی ہے، وہ سمجھ سے بالاتر ہے۔راجہ سنگھ نے کہاکہ اس نے کسی بھی مذہب کو نہیں بلکہ منورفاروقی کو نشانہ بنایا۔