شمالی بھارت

نتیش کمار حکومت نے اعتماد کا ووٹ جیت لیا

بہار اسمبلی کے خصوصی اجلاس میں فلور ٹسٹ میں 160 ارکان نے تحریک ِ اعتماد کے حق میں ووٹ ڈالا جبکہ اپوزیشن نے واک آؤٹ کردیا۔

پٹنہ۔ : چیف منسٹر بہار نتیش کمار کی نئی مہاگٹھ بندھن حکومت نے ریاستی اسمبلی میں چہارشنبہ کے دن اعتماد کا ووٹ جیت لیا۔ بہار اسمبلی کے خصوصی اجلاس میں فلور ٹسٹ میں 160 ارکان نے تحریک ِ اعتماد کے حق میں ووٹ ڈالا جبکہ اپوزیشن نے واک آؤٹ کردیا۔

تحریک کے خلاف کوئی ووٹ نہیں پڑا۔ نتیش کمار حکومت کو 164 ارکان بشمول جنتادل یو‘ آر جے ڈی‘ کانگریس‘ ہندوستانی عوام مورچہ‘ کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا مارکسسٹ لیننسٹ‘ کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا‘ اے آئی ایم آئی ایم اور ایک آزاد رکن کی تائید حاصل ہے۔

وجیندر پرساد یادو اور بھیما بھارتی (جنتادل یو) علالت کی وجہ سے اجلاس میں شرکت نہیں کرسکے جبکہ سوریہ کانت پاسوان (سی پی آئی) اور پرفل مانجھی (ایچ اے ایم) کسی اور وجہ سے شرکت نہیں کرسکے۔ ڈپٹی اسپیکر مہیشور ہزاری ووٹنگ میں حصہ نہیں لے سکے کیونکہ وہ کرسی صدارت پر فائز تھے۔