کھیل

واشنگٹن سندر، انجری کے باعث آئی پی ایل سے باہر

سن رائزرس حیدرآباد کو انڈین پریمیئر لیگ کے 16ویں سیزن میں بڑا جھٹکا لگا ہے۔ اسٹار آل راؤنڈر واشنگٹن سندر آئی پی ایل 16 کے بقیہ میچوں کا حصہ نہیں بن سکیں گے۔

حیدرآباد: سن رائزرس حیدرآباد کو انڈین پریمیئر لیگ کے 16ویں سیزن میں بڑا جھٹکا لگا ہے۔ اسٹار آل راؤنڈر واشنگٹن سندر آئی پی ایل 16 کے بقیہ میچوں کا حصہ نہیں بن سکیں گے۔ سندر کے آؤٹ ہونے کی اطلاع سن رائزرس حیدرآباد کی جانب سے ٹویٹ کرکے دی گئی ہے۔

سن رائزرز حیدرآباد کے ٹوئٹر ہینڈل سے بتایا گیاکہ ہیمسٹرنگ انجری کی وجہ سے واشنگٹن سندر آئی پی ایل 16 کے بقیہ میچ نہیں کھیل پائیں گے۔

تاہم حیدرآباد کی جانب سے سندر کے متبادل کا اعلان نہیں کیاگیا ہے۔ حالانکہ واشنگٹن سندر ابھی تک آئی پی ایل کے 16ویں سیزن میں بلے اور گیند سے کارگر ثابت نہیں ہورہے تھے۔ سندر نے آئی پی ایل 16 میں کھیلے گئے 7 میچوں کی پانچ اننگز میں 15 کی اوسط اور 100 کے اسٹرائیک ریٹ سے صرف 60 رنز بنائے۔

اس دوران سندر کا بہترین اسکور 24 ناٹ آؤٹ رہا۔ گیند کے ساتھ بھی سندر نے اس سیزن میں انتہائی مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

سندر نے اس سیزن میں 7 میچوں میں 17.4 اوور کراتے ہوئے صرف 3 وکٹیں حاصل کیں۔ واضح رہے کہ سندر نے ایک ہی میچ میں 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ باقی 6 میچوں میں وہ کوئی اور وکٹ لینے میں کامیاب نہیں ہوسکے۔

تاہم سندر کے نہ کھیلنے کی وجہ سے سن رائزرس حیدرآباد کو مڈل آرڈر میں ان کی کمی محسوس ہوگی۔ یہی نہیں جیسے جیسے ٹورنامنٹ آگے بڑھے گا وکٹیں اسپنرز کیلئے مزید مددگار ہوتی جائیں گی۔

ایسے میں واشنگٹن سندر کی عدم موجودگی حیدرآباد کیلئے بڑا دھکاہے۔ واضح رہے کہ اس سیزن میں بڑے کھلاڑیوں کو حاصل کرنے کے باوجود سن رائزرس حیدرآباد کی کارکردگی کافی مایوس کن رہی ہے۔ سن رائزرس حیدرآباد نے اب تک کھیلے گئے 7 میچوں میں سے صرف دو میں کامیابی حاصل کی ہے۔

سن رائزرس حیدرآباد اس وقت 4 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل میں 9 ویں مقام پر ہے جس کی وجہ سے اس کے پلے آف میں پہنچنے کے امکانات بہت کم ہیں۔ ایڈین مارکرم کی قیادت والی سن رائیزرس حیدرآباد کا آئندہ میاچ ہفتہ 29 اپریل کو کو دہلی کیاپٹلس سے ہونے والا ہے۔

a3w
a3w