والد کی استھیاں جاپان سے واپس لائی جائیں۔ نیتاجی سبھاش چندربوس کی دختر کی
نیتاجی سبھاش چندربوس کی دختر انیتابوس نے وزیراعظم نریندرمودی سے اپیل کی ہے کہ ان کے والد کی استھیاں جاپان سے واپس لائیں۔
نئی دہلی: نیتاجی سبھاش چندربوس کی دختر انیتابوس نے وزیراعظم نریندرمودی سے اپیل کی ہے کہ ان کے والد کی استھیاں جاپان سے واپس لائیں۔
انہوں نے کہا کہ میں ممنون ہوں کہ وزیراعظم نریندرمودی جمعرات 8 ستمبر کو نئی دہلی میں ایک قابل فخر مقام پر میرے والد نیتاجی سبھاش چندربوس کے مجسمہ کی نقاب کشائی کریں گے۔ میرے والد نے ہندوستان کی آزادی کیلئے بے لوث لڑائی کی۔
انہوں نے بہت کچھ قربان کیا اور آخرکار ملک کی آزادی کی خاطر اپنی جان قربان کردی۔ وہ سارے ہندوستان اور اپنے ابنائے وطن کیلئے پابندیئ عہد کی ایک درخشاں مثال تھے۔ انڈین نیشنل کانگریس کے صدر کی حیثیت سے یا آزاد ہندوستان کی عبوری حکومت اور انڈین نیشنل آرمی کے لیڈر کی حیثیت سے انہوں نے فرقہ وارانہ ہم آہنگی‘ ہندوستان کی یکجہتی‘ خواتین اور محروم طبقات کی بااختیاری کو برقرار رکھا۔
آج میرے خاندان اور میرے والد کے نظریات پرعمل کرنے والوں کیلئے جشن کادن ہے جب ہندوستان ملک کے دارلحکومت کے وسط میں ایک مرکزی اور باوقار مقام پر ان کا مجسمہ نصب کرتے ہوئے ان کی بہادری اور ہیروازم کو تسلیم کررہا ہے۔
میں ہندوستانیوں کو یاددہانی کراناچاہتی ہوں کہ میرے والد کی باقیات ہنوز ٹوکیو میں موجود ہیں اور زائداز77 سال سے آخری رسومات کیلئے انہیں ہندوستان واپس نہیں لایاگیا ہے۔ 18اگست 1945ء کو تائیپی میں ایک طیارہ حادثہ کے نتیجہ میں ان کی موت ہوئی تھی۔ 2015-16 میں وزیراعظم نریندرمودی کے تحت حکومت ہند نے تمام دستاویزات کو راز کے صیغہ سے نکال دیاتھا۔
18اگست 1945 ء کو ان کی موت سے متعلق دستاویزات اب عوام کے مشاہدہ کیلئے دستیاب ہیں۔ اسی حکومت نے بعدازاں حق معلومات قانون کے تحت جواب دیتے ہوئے فائلوں میں موجود ثبوتوں اور ریکارڈ کی توثیق کی تھی۔ ان اقدامات سے وہ تمام شکوک وشبہات دورہوجانے چاہئیں جو میرے والد کے انجام کے بارے میں پائے جاتے ہیں۔
بہرحال اگر حکومت ہند چاہے تو ان کے باقیات کا ڈی این اے ٹسٹ کرایاجاسکتا ہے حالانکہ موجودہ ثبوتوں کے پیش نظر یہ ضروری نہیں ہے۔ آزاد ہندوستان کا تجربہ کرنا میرے والد کی تمنا تھی۔ ان کی المناک بے وقت موت نے یہ خواہش پوری ہونے نہیں دی۔ میں یہ محسوس کرتی ہوں کہ کم ازکم ان کی باقیات ہندوستان کی سرزمین کوچھولیں اور اس معاملہ کو ختم کردیاجائے۔