دہلی

وزیر اعظم مودی کی مالدیپ کے صدر ابراہیم محمد صالح سے ملاقات

وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باگچی نے ملاقات کے بعد کہا کہ مودی نے مالدیپ کے صدر کا گرمجوشی سے خیرمقدم کیا، جو ہندوستان کی 'پڑوسی سب سے پہلے' پالیسی میں کلیدی شریک ہیں۔

نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے مالدیپ کے صدر ابراہیم محمد صالح سے منگل کو حیدرآباد ہاؤس میں ملاقات کی اور دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ صالح پیر کو ایک تجارتی وفد کے ساتھ ہندوستان کے چار روزہ سرکاری دورے پر پہنچے تھے۔

 وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باگچی نے ملاقات کے بعد کہا کہ مودی نے مالدیپ کے صدر کا گرمجوشی سے خیرمقدم کیا، جو ہندوستان کی ‘پڑوسی سب سے پہلے’ پالیسی میں کلیدی شریک ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے بے پناہ امکانات کے دوران وزیر اعظم اور مالدیپ کے صدر کے درمیان یہ ملاقات ہوئی۔

صالح بعد میں صدر دروپدی مرمو سے بھی ملاقات کرنے والے ہیں۔ وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر نے کل مالدیپ کے لیڈر سے ملاقات کی تھی ۔ ڈاکٹر جے شنکر نے کہا کہ ہندوستان کی ‘نیبرہوڈ فرسٹ’ پالیسی اور مالدیپ کی ‘انڈیا فرسٹ’ پالیسی ایک دوسری کی تکمیل کرتی ہیں۔ مالدیپ کے صدر کل یہاں ایئر فورس اسٹیشن پہنچے۔ وہ چہارشنبہ کی صبح ممبئی کے لیے روانہ ہوں گے جہاں وہ ایک پروگرام میں حصہ لیں گے۔

ہندوستانی ترجمان نے کہا کہ "یہ کہنے کی ضرورت نہیں ہے کہ مالدیپ بحر ہند کے علاقے میں ہندوستان کا بڑا پڑوسی ہے اور ہندوستان کی ‘پڑوسی پہلے’ پالیسی میں ایک خاص مقام رکھتا ہے”۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان شراکت داری نے حالیہ برسوں میں تمام شعبوں میں تیزی سے ترقی کی ہے۔