جموں و کشمیر

وہ وقت چلا گیا جب لوگوں کو مذہب کے نام پر تقسیم کیاجاتا تھا: غلام نبی آزاد

غلام نبی آزاد نے کہاکہ جموں وکشمیر میں اس وقت بے روزگاری نے سنگین رخ اختیار کیا ہوا ہے لیکن سرکار اس اہم مسئلے پر کوئی توجہ نہیں دے رہی ہے۔اُن کا کہنا تھا کہ کھوکھلے نعروں سے کچھ حاصل ہونے والا نہیں۔

جموں: کانگریس کے سابق لیڈر غلام نبی آزاد کا کہنا ہے کہ لوگ میری ذات سے بخوبی واقف ہیں لہذا مجھے کسی کے نیشنل یا بی جے پی کے ساتھ جوڑنے سے کوئی فرق نہیں پڑتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ریاستی درجے کی بحالی،اراضی اور نوکریوں کا تحفظ میرے ایجنڈے میں سر فہرست رہے گا۔

جموں وکشمیر میں اس وقت بے روزگاری نے سنگین رخ اختیار کیا ہوا ہے لیکن سرکار اس اہم مسئلے پر کوئی توجہ نہیں دے رہی ہے۔اُن کا کہنا تھا کہ کھوکھلے نعروں سے کچھ حاصل ہونے والا نہیں بلکہ عملی طورپر لوگوں کے لئے کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔

غلام نبی آزاد نے مزید کہا کہ مجھے نیشنل یا بی جے پی کے ساتھ جوڑنے سے کوئی فرق نہیں پڑتا کیونکہ لوگ میری اصلیت سے بخوبی واقف ہے۔انہوں نے بتایا کہ جموں وکشمیر کے لوگوں کو انصاف فراہم کرنے کی خاطر ہی پارٹی تشکیل دی ۔اُن کے مطابق جو لوگ مجھے دوسری پارٹیوں کے ساتھ جوڑ رہے ہیں اُنہیں میں بخوبی جانتا ہوں لیکن میں اُن کے راز افشاں نہیں کرو ں گا۔

آزاد نے کہاکہ کانگریس میں رہ کر عوام کی اتنی حمایت نہیں ملی جتنی کانگریس سے علیحدہ ہونے پر ملی ہے۔انہوں نے بتایا کہ جس علاقے کا بھی دورہ کیا لوگوں کی ایک کثیر تعداد استقبال کرنے کی خاطر گھروں سے باہر آئیں۔انہوں نے کہاکہ میں غلام نبی ہوں لیکن عوام کے لئے آزاد، میں کسی کے ریمورٹ کنٹرول پر نہیں چلتا ، میں ریمورٹ کنٹرول اپنے پاس رکھتا ہوں۔

اُن کا مزید کہناتھا کہ وہ وقت گیا جب لوگوں کو مذہب کے نام پر تقسیم کیا جاتا تھا ۔انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر میں مزید قتل و غارت نہیں ہونے دیں گے اور امن و امان کی بحالی کی خاطر کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔