تلنگانہ

دستور کو بدلنا، مذہب کے نام پر بھائی بھائی کو لڑا نا بہت بڑا گناہ: پرینکا گاندھی

اے آئی سی سی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے کہا کہ اقتدار کیلئے مذہب کے نام پر لوگوں میں نفرت پھیلانا، بھائی کو بھائی سے لڑانا، جمہوریت اور دستور کو بدلنا بہت بڑا گناہ ہے۔

حیدرآباد: اے آئی سی سی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے کہا کہ اقتدار کیلئے مذہب کے نام پر لوگوں میں نفرت پھیلانا، بھائی کو بھائی سے لڑانا، جمہوریت اور دستور کو بدلنا بہت بڑا گناہ ہے۔

متعلقہ خبریں
کسانوں نے بی جے پی قائدین کے پتلے نذرآتش کئے
15 فیصد مسلم ریزرویشن سے متعلق کانگریس پر جھوٹا الزام : پی چدمبرم
بی جے پی میں دستور بدلنے کی ہمت نہیں: ر اہول گاندھی
حکومت NEET امتحان میں دھاندلی کی جامع تحقیقات کرے: کھڑگے-پرینکا
میں نے حکمت عملی کے تحت لوک سبھا الیکشن نہیں لڑا: پرینکا کا انٹرویو (ویڈیو)

تمام مذاہب سچائی کے راستے پر چلنے اور ایک دوسرے کے جذبات اور مذاہب کا احترام کرنے کی تعلیم دیتے ہیں۔ لیکن بی جے پی اور مودی اقتدار کی خاطر عوام میں جھوٹ پھیلا رہے ہیں۔

مذہب کے نام پر لوگوں کو آپس میں بانٹ رہے ہیں۔ نفرت پھیلانا اور کسی بھی طرح اقتدار پر قابض رہنا‘ بی جے پی اور مودی کا اصل ایجنڈہ ہے۔ پرینکا گاندھی آج تانڈور کے چیوڑلہ حلقہ میں کانگریس امیدوار رنجیت ریڈی کے انتخابی جلسہ سے خطاب کررہی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ با با صاحب امبیڈکر، مہاتما گاندھی اور لاکھوں مجاہدین آزادی نے اپنے خون پسینہ سے سینچ کر دستور ہند کو مدون کیا ہے۔ یہ دستور ہند مودی یا کسی بی جے پی قائد نے نہیں لکھا ہے۔ آپ کے بزرگوں نے دستور ہند مدون کرتے ہوئے تمام شہریوں کو آزادانہ زندگی گزارنے اور ان کے حقوق ومفادات کے تحفظ مذہبی آزادی، اظہار خیال کی آزادی کے ساتھ زندگی گزار نے کا اختیار دیا ہے۔

نریندر مودی دستور کو بدلنے کیلئے 400 نشستوں پر کامیابی کا دعویٰ کررہے ہیں۔ تاکہ دستور کو بدل دیا جائے اور غریب، کمزور وپسماندہ طبقات کے حقوق اور ان کے تحفظات کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔ پرینکا گاندھی نے ملک کے140 کروڑ عوام کو مشورہ دیا کہ وہ بی جے پی اور مودی کے ان ناپاک عزائم سے ہوشیار رہیں۔

نفرت، عداوت، دنگے فساد سے عوام کا نقصان ہوتا ہے۔ کسی لیڈر کاکوئی نقصان نہیں ہوتا۔ آج سارا ملک بی جے پی کی سچائی سے واقف ہوچکا ہے۔ کالادھن لانے کا وعدہ آج تک پورا نہیں ہوا۔‘ سب کا ساتھ‘ سب کا وکاس کا نعرہ‘ جھوٹ ثابت ہوچکا ہے۔

آج دنیا کی سب سے بڑی رشوت‘ الیکٹورل بانڈس اسکام کے منظر عام پر آنے سے بی جے پی کے کالے کرتوں کا پردہ فاش ہوچکا ہے۔ دیش کا وکاس تو نہیں ہوا لیکن بیروزگاری، غربت، مفلسی، مہنگائی، قیمتوں میں اضافہ، خواتین پر مظالم، عصمت دری کے واقعات،سیکس اسکینڈل کے واقعات میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔

مودی اور بی جے پی قائدین انتخابی مہم میں عوامی مسائل، ترقی، مہنگائی، قیمتوں میں اضافہ، بیروزگاری پر بات کرنے تیار نہیں ہیں۔ مذہب، مندر، مسجد، گائے، بھینس، منگل سوتر، ان کا انتخابی ایجنڈہ ہوتا ہے۔ اس طرح کی معمولی اورچھوٹی چھوٹی باتیں کرکے مودی نے وزیر اعظم کے عہدہ کا وقار مجروح کیا ہے۔

یہ کبھی اپنی پارٹی کے منشور کی بات نہیں کرتے بلکہ کانگریس کے منشور میں دئیے گئے تیقنات کو جھوٹ قرار دیتے ہوئے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔جلسہ سے چیف منسٹر ریونت ریڈی اور رنجیت ریڈی نے بھی خطاب کیا۔

a3w
a3w