تلنگانہسوشیل میڈیا

ٹرک سے گرینائٹ بلاکس آٹو پر گرپڑے،3 افراد ہلاک

یہ اندوہناک واقعہ ہفتہ کی شب ضلع محبوب آباد میں اس وقت پیش آیا جبکہ آٹو رکشہ ڈرائیوروں کا ایک گروپ، سال نو تقاریب کے سلسلہ میں رقم وصول کرنے جارہا تھا۔

حیدرآباد: ایک ٹرک سے گرینائٹ کے بلاکس، آٹو پر گرنے سے آٹو میں سوار 3 افراد ہلاک دیگر 5زخمی ہوگئے۔ یہ اندوہناک واقعہ ہفتہ کی شب ضلع محبوب آباد میں اس وقت پیش آیا جبکہ آٹو رکشہ ڈرائیوروں کا ایک گروپ، سال نو تقاریب کے سلسلہ میں رقم وصول کرنے جارہا تھا۔

ورنگل۔ کھمم ہائی وے پر واقع کوراوی پولیس اسٹیشن کے قریب یہ واقعہ پیش آیا۔ مہلوکین کی شناخت، وائی سریکانت، بی سمن، اور ڈی نوین کی حیثیت سے کی گئی جن کی عمر یں 30 سال بتائی گئی ہیں جبکہ زخمیوں کو ہاسپٹل میں شریک کرایا گیا ہے۔

متاثرین کا تعلق منگولی گوڈم سے بتایا گیا ہے اور یہ تینوں آٹو ڈرائیور س بتائے گئے ہیں۔ ان ڈرائیوروں نے ہفتہ کی شام اپنے آٹوز کو پارک کردیا اور پھر نئے سال کے موقع پر ملرس سے پیسہ وصول کرنے کیلئے کوراوی موضع جارہے تھے۔

ایک آٹورکشہ جس میں یہ تمام ڈرائیورس سوار تھے، سملا تانڈہ پہنچا تب مخالف سمت سے آنے والے ایک ٹرک جس میں گرینائٹ بلاکس لدے تھے، ٹکراگیا۔ ٹرک سے ٹکرانے کے بعد یہ آٹو، سڑک کے بازو جھاڑیوں میں الٹ گیا اور ٹرک سے گرینائٹ کے بلاکس بھی اس آٹو پر گر پڑے جس کی وجہ سے آٹو پوری طرح دب گیا جس میں سوار3افراد ہلاک دیگر 5 زخمی ہوگئے۔ اطلاع ملنے پر پولیس فوری وہاں پہنچی اور کرینوں کی مدد سے گرینائٹ کے بلاکس کو ہٹایا۔

سریکانت برسر موقع ہلاک ہوگیا جبکہ سمن محبوب آباد کے ہاسپٹل میں دوران علاج زخموں سے جانبر نہ ہوسکا اور نوین نے ایم جی ایم ہاسپٹل ورنگل منتقل کرنے کے دوران دم توڑ دیا۔