آندھراپردیش

گنٹور میں ٹی ڈی پی کے پروگرام میں بھگدڑ، 3 خواتین ہلاک

آندھراپردیش کے ضلع گنٹور میں اتوار کو اپوزیشن ٹی ڈی پی کی جانب سے غریبوں میں سنکرانتی تحائف کی تقسیم کے پروگرام کے دوران بھگدڑ سے 3 خواتین ہلاک اور دیگر چند زخمی ہوگئے۔

امراوتی: تلگودیشم پارٹی کے پروگرام میں بھگدڑ کا ایک اور واقعہ پیش آیا۔ آندھراپردیش کے ضلع گنٹور میں اتوار کو اپوزیشن ٹی ڈی پی کی جانب سے غریبوں میں سنکرانتی تحائف کی تقسیم کے پروگرام کے دوران بھگدڑ سے 3 خواتین ہلاک اور دیگر چند زخمی ہوگئے۔

تحائف کی تقسیم کے پروگرام کے افتتاح کے بعد ٹی ڈی پی سربراہ وسابق چیف منسٹر این چندرا بابونائیڈو کے مقام تقریب سے چلے جانے کے بعد بھگدڑ کا یہ واقعہ پیش آیا۔ ایک ہفتہ سے بھی کم عرصہ میں بھگدڑ کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔

آج بھگدڑ کا واقعہ اس وقت پیش آیا جبکہ ٹی ڈی پی، غریبوں میں این ٹی آر جنتا وسترالو اور چندرانا کنالو کے نام سے سنکرانتی تحائف تقسیم کررہی تھی۔ ایک اعزازی تنظیم کے تعاون سے یہ پروگرام منعقد کیا گیا تھا۔

تحائف کے حصول کیلئے خواتین کی ایک بڑی تعداد قطار میں اپنی باری کا انتظار کررہی تھیں ان میں سے چند ایک خواتین، قطار کو توڑ کر آگے بڑھنے کی کوشش کے نتیجہ میں بھگدڑ مچ گئی جس کے سبب ایک خاتون برسرموقع ہلاک ہوگئی جبکہ مابقی دو، گورنمنٹ جنرل ہاسپٹل میں زخموں سے جانبر نہ ہوسکیں۔

پولیس کے سینئر عہدیدارو نے مقام واقعہ کا دورہ کیا۔ ایک عہدیدار نے کہاکہ بھگدڑ واقعہ کے فوری بعد پروگرام کو ملتوی کردیا گیا۔ ٹی ڈی پی قائدین نے کہاکہ استفادہ کنندگان جنہیں ٹوکن جاری کئے گئے ہیں، کے مکانات کے پتہ پر کٹس پہنچادیئے جائیں گے۔ واضح رہے کہ ضلع نیلور کے کندوکور گاؤں میں 28 دسمبر کو نائیڈو کے روڈ شو کے دوران بھگدڑ کے واقعہ میں 8 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔