ٹی آر ایس کے خلاف کارروائی کرنے کودنڈارام کا مطالبہ
صدر تلنگانہ جنا سمیتی پروفیسر ایم کودنڈا رام نے حکومت پر منگوڈ ضمنی انتخاب میں بہرصورت کامیابی حاصل کرنے غیراخلاقی اور غیر جمہوریہ طریقہ کو اختیار کرنے کا الزام عائد کیا۔
حیدرآباد: صدر تلنگانہ جنا سمیتی پروفیسر ایم کودنڈا رام نے حکومت پر منگوڈ ضمنی انتخاب میں بہرصورت کامیابی حاصل کرنے غیراخلاقی اور غیر جمہوریہ طریقہ کو اختیار کرنے کا الزام عائد کیا۔
آج ایک حیرت انگیز اقدام کرتے ہوئے انہوں نے الیکشن کمیشن سے ٹی آر ایس کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا اور بدھا بھون میں اسٹیٹ الیکشن کمیشن کے دفتر کے روبرو ایک روزہ خاموش احتجاج کا آغاز کیا۔
واضح رہے کہ منگوڈ ضمنی انتخابات میں سیاسی جماعتوں کی جانب سے اپنے اپنے امیدوار کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لئے دولت کو پانی کی طرح بہایا جارہا ہے۔ رائے دہندوں کو اپنی طرف راغب کرنے دولت‘ شراب‘ کی تقسیم عمل میں لائی جارہی ہے۔
کودنڈا رام نے ان تمام غیراخلاقی حرکتوں کے استعمال پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ انتخاب کو دستور کے تحت مدون کردہ شرائط اور قواعد کے مطابق منعقد کیا جانا چاہئے۔ کودنڈا رام نے کہاکہ منگوڈ ضمنی انتخابات کے لئے انتخابی ضابطہ اخلاق پر عمل نہیں کیا جارہا ہے۔
وزراء کی جانب سے عہدوں اور طاقت کا غلط استعمال کرتے ہوئے وعدے کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اسکورٹ وہیکل کے استعمال کی اجازت نہیں رہتی ہے تاہم تمام وزراء اسکورٹ وہیکلس کا استعمال کررہے ہیں۔ ان خلاف ورزیوں پر کارروائی ہونے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ انتظامیہ کی نگرانی میں شراب تقسیم کی جارہی ہے۔ وزراء کے دوروں پر ہائی وے کو بند کردیا جارہا ہے‘ مذہب‘ ذات پات کے نام پر ووٹ مانگا جارہا ہے۔ ایسا محسوس ہورہا ہے کہ منصوبہ بند انداز میں انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہورہی ہے۔ انتخابات کو منسوخ کرانے عدالت سے رجوع ہونے کے سواء دوسرا راستہ باقی نہیں رہا۔