پارلیمنٹ، اَنا کی اینٹوں سے نہیں بنتی: راہول گاندھی
کانگریس قائد راہول گاندھی نے چہارشنبہ کے دن کہا کہ صدرجمہوریہ دروپدی مرمو کو نئی پارلیمنٹ بلڈنگ کے افتتاح کے لئے مدعو نہ کرنا ملک کے سب سے بڑے دستوری عہدہ کی بے عزتی ہے۔
نئی دہلی: کانگریس قائد راہول گاندھی نے چہارشنبہ کے دن کہا کہ صدرجمہوریہ دروپدی مرمو کو نئی پارلیمنٹ بلڈنگ کے افتتاح کے لئے مدعو نہ کرنا ملک کے سب سے بڑے دستوری عہدہ کی بے عزتی ہے۔
پارلیمنٹ ”اَنا کی اینٹوں“ سے نہیں بنتی بلکہ دستوری اقدار سے بنتی ہے۔
ہندی میں ٹویٹ میں راہول گاندھی نے کہا کہ صدرجمہوریہ کو نہ تو پارلیمنٹ کے افتتاح کے لئے مدعو کیا گیا اور نہ ہی انہیں تقریب میں شرکت کی زحمت دی گئی۔
اسی دوران کانگریس جنرل سکریٹری جئے رام رمیش نے ہندی میں ٹویٹ کیا کہ جمہوریت کی شہنائی پارلیمنٹ میں بجنی چاہئے لیکن جب سے خودساختہ وشواگرو آیا ہے تب سے آمریت کی توپ داغی جارہی ہے۔
سینئر کانگریس قائد ششی تھرور نے مرکزی وزیر ہردیپ سنگھ پوری کے ان ریمارکس پر تنقید کی کہ اندراگاندھی نے 1975میں پارلیمنٹ انیکسی بلڈنگ کا افتتاح کیا تھا اور راجیوگاندھی نے 1987میں پارلیمنٹ لائبریری کا سنگ ِ بنیاد رکھا تھا۔
ششی تھرور نے کہا کہ پیارے ہردیپ ایس پوری وہ عمارتیں ذیلی تھیں۔یہ پوری نئی عمارت ہے۔ کیا دستور نہیں کہتا کہ صدرجمہوریہ اس کا سربراہ ہے جو پارلیمنٹ اجلاس طلب اور ملتوی کرتا ہے۔