ایشیاء

پاکستانی وزیراعظم کے بنگلہ میں مشتبہ افغان شخص گھس پڑا

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کے سرکاری بنگلہ میں ایک مشتبہ شخص سیکوریٹی کے کڑے انتظامات کے باوجود گھس پڑا۔

اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کے سرکاری بنگلہ میں ایک مشتبہ شخص سیکوریٹی کے کڑے انتظامات کے باوجود گھس پڑا۔

وزیراعظم کا بنگلہ انتہائی حساس علاقہ میں واقع ہے۔ ذرائع کے حوالہ سے ہفتہ کے دن میڈیا نے اطلاع دی کہ پرائم منسٹرس ہاؤز(پی ایم ایچ) میں تعینات سیکوریٹی عملہ کو پتہ ہی نہیں کہ مشتبہ شخص کہاں سے داخل ہوا۔

جیو نیوز کے بموجب مشتبہ شخص کو اسلام آباد پولیس کے محکمہ انسداد ِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے تحویل میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مشتبہ شخص افغانستان کا شہری ہونے کا دعویٰ کرتا ہے۔ وہ 3 مختلف گزرگاہوں سے ہوکر وزیراعظم کے بنگلہ میں داخل ہوا۔

سی ٹی ڈی‘ پولیس اور دیگر سیکوریٹی ایجنسیاں اس سے پوچھ تاچھ کررہی ہیں۔ سی سی ٹی وی فوٹیج نکال لیا گیا ہے۔ پتہ چلایا جارہا ہے کہ وہ پی ایم ہاؤز میں کیسے داخل ہوا۔