حیدرآباد

پرانے شہر میں ایک شخص کا قتل

شہر کے چوک مرغاں علاقہ میں نامعلوم افراد نے قتل کردیا۔ذرائع کے بموجب چارمینار علاقہ کے 31سالہ محمد مسعود علی کی لاش آج صبح کی اولین ساعتوں میں پنشن آفس موتی گلی کے پارکنگ علاقہ سے دستیاب ہوئی۔

حیدرآباد: شہر کے چوک مرغاں علاقہ میں نامعلوم افراد نے قتل کردیا۔ذرائع کے بموجب چارمینار علاقہ کے 31سالہ محمد مسعود علی کی لاش آج صبح کی اولین ساعتوں میں پنشن آفس موتی گلی کے پارکنگ علاقہ سے دستیاب ہوئی۔

قتل کی واردات سے ایک دن قبل مسعود علی اور ان کے بھائی نے حسینی علم پولیس میں مخالفین کے خلاف شکایت کی تھی تاہم پولیس نے ان کی شکایت پرکوئی کارروائی نہیں کی جس کے سبب مسعودعلی کے قتل کی واردات کی صورت میں یہ نتیجہ سامنے آیا۔

قتل کے واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ساوتھ زون ڈپٹی کمشنراسنہامہرہ اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمدجہانگیر نے مقام واردات کا معائنہ کیا۔

ان کے یہا ں سے روانہ ہونے کے بعدحسینی علم پولیس نے مقامی لوگوں پر جویہاں جمع ہوئے تھے اندھادھند لاٹھی چارج کردیا جبکہ یہاں ایسی صورتحال پیدا نہیں ہوئی تھی کہ لاٹھی چارج کی ضرورت ہے۔حسینی علم پولیس اسٹیشن سے وابستہ ملازمین نے بلاوجہ بے رحمی سے لاٹھی چارج کرکے 3افراد کو زخمی کردیا۔اس واقعہ میں 3افراد زخمی ہوگئے جبکہ ایک شخص کے ہاتھ میں فریکچر آنے کی بھی اطلاع ہے۔

اس واقعہ کے خلاف چارمینار رکن اسمبلی ذوالفقار نے شدید احتجاج کیا اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمدجہانگیر سے پولیس ملازمین کی زیادتی کے خلاف شکایت کی اور کہاکہ پرانے شہرمیں پولیس کے اس طرز عمل کوبرداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سے خاطی پولیس ملازمین کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔

یہاں یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ پرانے شہر میں سلسلہ وار قتل کی وارداتوں کا سلسلہ رکنے کا نام نہیں لے رہا۔عوام میں قانون اور پولیس کاخوف ختم ہونے کی وجہ سے قتل کی وارداتوں میں دن بہ دن اضافہ ہوتا جارہا ہے۔

حسینی علم پولیس نے مسعود علی کے قتل کے سلسلہ میں مقدمہ درج کرلیا اور سراغ رسانی ٹیم کوبھی طلب کرلیا گیا۔ اب پولیس قتل کا سراغ لگانے سی سی ٹی وی کیمروں کی جانچ کررہی ہے۔