دہلی

پی ایف آئی قائد ابوبکر کی درخواست خارج

دہلی ہائی کورٹ نے پیر کے دن پاپلر فرنٹ آف انڈیا(پی ایف آئی) کے سابق سربراہ ای ابوبکر کو جو جیل میں بند ہیں‘ گھر پر نظربند کرنے سے انکار کردیا اور کہا کہ ابوبکر کا علاج دواخانہ میں ہوگا۔

نئی دہلی: دہلی ہائی کورٹ نے پیر کے دن پاپلر فرنٹ آف انڈیا(پی ایف آئی) کے سابق سربراہ ای ابوبکر کو جو جیل میں بند ہیں‘ گھر پر نظربند کرنے سے انکار کردیا اور کہا کہ ابوبکر کا علاج دواخانہ میں ہوگا۔

جسٹس سدھارتھ مردل اور جسٹس تلونت سنگھ پر مشتمل بنچ نے کہا کہ جب آپ میڈیکل ضمانت مانگ رہے ہیں تو ہم آپ کو آپ کے گھر کیوں بھیجیں؟ ہم آپ کو دواخانہ بھیجیں گے۔ ہائی کورٹ بنچ‘ تحت کی عدالت کے احکام کے خلاف ابوبکر کی درخواست کی سماعت کررہی تھی۔

تحت کی عدالت نے طبی بنیادوں پر ابوبکر کو رہائی دینے سے انکار کردیا تھا۔ گزشتہ ماہ ابوبکر کے وکیل نے کہا تھا کہ ان کے 70 سالہ موکل کو کینسر اور پارکنسن کا مرض لاحق ہے۔ وہ بڑی تکلیف میں ہے۔ ان کے موکل کو علاج معالجہ کی فوری ضرورت ہے۔

ممنوعہ تنظیم کے خلاف بڑے پیمانہ پر کارروائی کے دوران ابوبکر کو گرفتار کیا گیا تھا۔ وہ فی الحال عدالتی تحویل میں ہیں۔ بنچ نے پیر کے دن ریمارک کیا کہ ”ہاؤز اریسٹ“ کی قانون میں کوئی گنجائش نہیں ہے۔ اس نے حکم دیا کہ ابوبکر کو بحفاظت نئی دہلی کے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسس(ایمس) لے جایا جائے تاکہ 22 دسمبر کو آنکوسرجری ریویو ہو۔

عدالت نے اس وقت ابوبکر کے لڑکے کو وہاں موجود رہنے کی اجازت دی۔ عدالت نے کہا کہ ہم آپ کو گھر پر نظربندی کے لئے نہیں بھیج رہے ہیں۔ ایسی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ سپریم کورٹ کے پاس اس کا اختیار ہے‘ ہمارے پاس نہیں ہے۔ ہمیں اس لئے بھی یہ مناسب نہیں لگتا کیونکہ آپ کی کوئی سرجری نہیں ہونی ہے۔

اگر آپ کی حالت ایسی ہے کہ آپ کو دواخانہ میں شریک کرایا جانا ضروری ہے تو ہم اس کی اجازت دے سکتے ہیں۔ ہم ایک اٹنڈنٹ کی بھی اجازت دے سکتے ہیں‘ اس سے زیادہ کچھ نہیں۔ عدالت نے کہا کہ کیس کی آئندہ سماعت جنوری میں ہوگی۔

اس نے جیل کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سے کہا کہ وہ ایمس کے شعبہ آنکو سرجری کے صلاح و مشورہ سے رپورٹ داخل کرے۔ابوبکر کے وکیل آدت پجاری نے بحث کی کہ ان کے موکل کو مسلسل ڈاکٹروں کی نگرانی میں رکھنے اور علاج کی ضرورت ہے۔

ان کے موکل کو گھر پر نظربند کیا جاتا ہے تو اس سے تحقیقاتی ایجنسی کے لئے کوئی خاص فرق نہیں پڑے گا۔ سرکاری وکیل اکشے ملک نے این آئی اے کی طرف سے حاضر ہوتے ہوئے کہا کہ ملزم کو بہترین ممکنہ علاج کی سہولت فراہم کی گئی۔

اسے 22 دسمبر کو آنکولوجسٹ (کینسر کے ڈاکٹر) سے ملنا ہے۔ آئی اے این ایس کے بموجب ابوبکر کو کئی بیماریاں ہیں جن میں oesophagus کینسر‘ پارکنسن‘ ہائپر ٹینشن (ہائی بی پی) اور شوگر شامل ہیں۔ بینائی بھی گھٹ گئی ہے۔

a3w
a3w