دہلی

چینی ایپ کمپنیوں پر ای ڈی کے دھاوے

انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے آج کہا کہ چین سے ربط رکھنے والے بنگلور میں 12 کمپنیوں کی حالیہ تلاشی کے دوران تقریباً 5.85 کروڑ روپئے ضبط کیے گئے۔

نئی دہلی: انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے آج کہا کہ چین سے ربط رکھنے والے بنگلور میں 12 کمپنیوں کی حالیہ تلاشی کے دوران تقریباً 5.85 کروڑ روپئے ضبط کیے گئے۔

یہ کمپنیاں چینی ایپ ”کیپ شیئر“ کے ذریعہ جزء وقتی ملازمت فراہم کرنے کے بہانے نوجوانوں کو دھوکہ دے رہی تھیں اور پیسہ جمع کررہی تھیں۔ اس طرح جمع کردہ پیسہ سے وہ کرپٹو کرنسی خرید رہی تھیں۔

جزء وقتی ملازمت سے متعلق ایک فراڈ ساؤتھ سی ای این پولیس اسٹیشن بنگلورو میں درج کردہ ایک ایف آئی آر کی بنیاد پر ای ڈی نے کالے دھن کو سفید بنانے کی تحقیقات کا آغاز کیا۔

تحقیقات کے دوران ای ڈی کو پتہ چلا کہ بھولے بھالے افراد زیادہ تر نوجوانوں کو ”کیپ شیئر“ نامی موبائل ایپ کے ذریعہ بعض چینی افراد دھوکہ دے رہے ہیں۔ ان بھولے بھالے افراد کو جزء وقتی ملازمت فراہم کرنے کا وعدہ کرکے ان سے پیسہ حاصل کیا جارہا تھا۔

ان چینیوں نے ہندوستان میں کمپنیاں قائم کرکے کئی ہندوستانیوں کو ڈائرکٹر، مترجم، ایچ آر منیجر اور ٹیلی فون آپریٹرس کی حیثیت سے تقرر کیا۔ ہندوستانیوں کے دستاویزات حاصل کرکے بینک کھاتے کھولے گئے۔ انہوں نے ”کیپ شیئر“ کے نام پر ایک موبائل ایپ تیار کیا اور نوجوانوں کو جزء وقتی ملازمت کے مواقع فراہم کرنے واٹس ایپ اور ٹیلی گرام پر اشتہار دینا شروع کیا۔

مذکورہ ایپ کو ایک سرمایہ کاری ایپ سے جوڑا گیا۔ اس ایپ کے ذریعہ نوجوانوں سے پیسے جمع کیے گئے۔ اسی ایپ کے ذریعہ سرمایہ کاری کے نام پر بھی عوام سے رقومات جمع کی گئیں۔ ویڈیوز کو مشہور افراد سے مربوط کرنے کا نوجوانوں کو کام تفویض کیا گیا اور اسے سوشل میڈیا پر پیش کیا گیا۔

کام مکمل ہونے پر ایک ویڈیو کے لیے 20 روپئے ادا کیے گئے، جو ”کیپ شیئر“ کھاتے میں جمع کیے گئے۔ بعد ازاں ایپ کو سوشل میڈیا سے ہٹا دیا گیا۔ اس طرح عوام کو دھوکہ دیا گیا اور سرمایہ کاری کی رقم اور معاوضہ ادا کرنے کے حقوق سے محروم کیا گیا، جو کروڑوں روپیوں تک پہنچ گئیں۔

a3w
a3w