تعلیم و روزگار

ڈی ایس سی کے انعقاد کا امکان

محکمہ اسکولی تعلیم کی جانب سے دسمبرمیں ٹیچرس کی مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کے لئے ڈی ایس سی امتحان منعقد کئے جانے کا امکان ہے۔

حیدرآباد: محکمہ اسکولی تعلیم کی جانب سے دسمبرمیں ٹیچرس کی مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کے لئے ڈی ایس سی امتحان منعقد کئے جانے کا امکان ہے۔

اطلاعات کے مطابق دسمبر کے دوسرے ہفتہ میں ڈی ایس سی منعقد کرنے کا منصوبہ ہے۔ سابق کی طرح امتحانات کو آف لائن طریقہ کے بجائے آن لائن طریقہ سے منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

امتحانات کمپیوٹر بیسڈ (سی بی ٹی) کے طریقہ پر منعقد کیا جائے گا۔ حالیہ عرصہ کے دوران منعقدہ ریسیڈنشیل امتحان بھی سی بی ٹی طریقہ کار کے ذریعہ اہلیتی امتحان کا کامیاب انعقاد عمل میں لایا گیا۔

اس سے حوصلہ پاکر ڈی ایس سی امتحان کو بھی سی بی ٹی طریقہ کار کے ذریعہ منعقد کیا جانا طئے پایا ہے۔ اس مقصد کے لئے ٹی ایس آن لائن سے تعاون کرتے ہوئے تواریخ کا تعین کیا جائے گا۔

امیدواروں کی جانب سے وصول ہونے والی درخواستوں کی تعداد کو نظر میں رکھتے ہوئے شفٹس کی بنیاد پر امتحانات منعقد کئے جائیں گے۔ اضافی شفٹس کی ضرورت کے مطابق امتحانات کے اختتام پر نارملائزیشن کیا جائے گا۔

حیدرآباد کے اطراف واکناف امتحانی مراکز قائم کئے جائیں گے۔ ضلع مستقر پر بھی امتحانی مراکز قائم کرنے کا بھی منصوبہ ہے۔ سوالیہ پرچہ کی تیاری کی ذمہ داری این سی ای آر ٹی کو تفویض کی جائے گی۔

ایس جی ٹی کیلئے ایک روز، اسکول اسسٹنٹ سبجکٹس کیلئے دو دن امتحانات منعقد کئے جائیں گے۔ اب تک حکومت کی جانب سے6612عہدوں پر تقررات کیلئے (محکمہ فینانس) اجازت دی گئی ہے۔

ان عہدوں پر تقررات کیلئے رہنمایانہ خطوط اور شیڈول پر مشتمل جی او کی آئندہ ایک دو روزمیں اجرائی کا امکان ہے۔ جس کے بعد محکمہ تعلیم کے عہدیداروں کی جانب سے ڈی ای سی اعلامیہ جاری کیا جائے گا۔

a3w
a3w