بھارت

کانگریس میں میری واپسی سے متعلق اطلاعات تعجب خیز: آزاد

بزرگ سیاسی قائد نے پی ٹی آئی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ قدیم سیاسی جماعت میں ان کی واپسی سے متعلق اطلاعات کانگریس کے بعض مفاد پرست قائدین کی جانب سے گشت کرائی جارہی ہیں۔

نئی دہلی: سینئر سیاسی قائد اور نوتشکیل شدہ ڈیموکریٹک پروگریسیو آزاد پارٹی کے صدر غلام نبی آزاد نے آج کہا کہ کانگریس میں واپس ہونے کا کوئی ارادہ نہیں، جس کے ساتھ اپنی 52 سالہ رفاقت انہوں نے جاریہ سال کے اوائل میں ختم کرلی تھی۔

بزرگ سیاسی قائد نے پی ٹی آئی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ قدیم سیاسی جماعت میں ان کی واپسی سے متعلق اطلاعات کانگریس کے بعض مفاد پرست قائدین کی جانب سے گشت کرائی جارہی ہیں۔

ان میں کوئی سچائی نہیں۔ واضح رہے کہ غلام نبی آزاد سابق مرکزی وزیر اور جموں و کشمیر کے چیف منسٹر بھی رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں نے کبھی کسی کانگریس قائد سے بات نہیں ہے اور نہ کسی نے مجھے فون کیا ہے۔ مجھے تعجب ہوتا ہے کہ میڈیا میں اس قسم کی کہانیاں کیوں پھیلائی جارہی ہیں۔