تلنگانہحیدرآبادسوشیل میڈیا

کمسن بچوں کی خواہش کے آگے کے ٹی آر بے بس

حیدرآباد: ریاست کے چند مقبول عام قائدین میں کے ٹی راما راؤکا بھی شمار ہوتا ہے۔ ریاست میں شائد ہی کوئی بڑھا بوڑھا یا بچہ ہوگا جو کے ٹی راماراؤ کے نام سے ناواقف ہو‘خاص کر نوجوانوں میں کے ٹی راما راؤ کو زبردست فالوئنگ حاصل ہے۔

ان کی تقاریر سننے کے لیے عوام کی بھیڑ اُمڈ پڑتی ہے۔ ان کے ساتھ ایک سیلفی لینے کے لیے جوش و جذبہ کامظاہرہ کیاجاتا ہے۔

ایسا ہی واقعہ آج سرسلہ ضلع کے تنگڈ پلی دیہات میں رونما ہوا۔ کے ٹی آر مختلف ترقیاتی پروگرامس کا سنگ بنیاد رکھنے کے لے سرسلہ کے لیے اپنے قافلہ کے ساتھ جارہے تھے کہ چند معصوم بچے جن کی عمریں 6 تا8سال کے درمیان تھیں کی نظر کے ٹی آر پر پڑی اور انہوں نے جے رام انا‘جئے رام انا کے نعرے بلند کرناشروع کرتے ہوئے کے ٹی آر کے ساتھ سیلفی لینے کی خواہش کی‘بس پھر کیا تھا کے ٹی آر نے اپنا قافلہ روک دیا‘ مسکراتے ہوئے بچوں سے بات کی انہیں تعلیم میں دلچسپی لینے کا مشورہ دیا اور ان کی خواہش کے مطابق سیلفی لی۔

ان کے اس طرز عمل سے بچوں کے چہروں پر خوشی دوڑ گئی۔ یواین آئی کے مطابق ریاستی وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے تارک راما راو نے ضلع سرسلہ کا دورہ کیا۔اس موقع پر انہوں نے تنگلا پلی، ایلاریڈی پیٹ اور گمبھی راوپیٹ منڈلوں میں کئی ترقیاتی کاموں کے لیے سنگ بنیاد اور افتتاح کیا۔

وزیر موصوف نے تنگلاپلی منڈل کے چیرلاونچ میں بی آر امبیڈکر اور چاکلی ایلماں کے مجسموں کی نقاب کشائی کی۔ بعدازاں انہوں نے اسی گاؤں میں، ایس سی کمیونٹی بھون کا سنگ بنیاد رکھا، جس پر 19.50 لاکھ روپے کی لاگت آئی تھی۔ بعد ازاں نئے تعمیر شدہ سب سٹیشن کا افتتاح کیا گیا۔

لکشمی پور میں انہوں نے ڈسپنسری کا افتتاح کیا۔ بعد ازاں انہوں نے 26 لاکھ روپے کی لاگت سے بنائی گئی گرام پنچایت عمارت کا افتتاح کیا۔ گوپال راوپلے اور منڈی پلی میں امبیڈکر کے مجسموں کی نقاب کشائی بھی انجام دی۔

وزیرموصوف نے دلت بندھو اسکیم کے تحت ایک پولٹری فارم کا آغاز کیا۔ انہوں نیایلاریڈی پیٹ منڈل کے دومالا گاؤں میں امبیڈکر کے مجسمے کی نقاب کشائی انجام دی۔ یادو سنگم کے زیراہتمام ایک پروگرام میں بھی انہوں نے شرکت کی۔

a3w
a3w