کیرالا کانگریس قائدین‘ ششی تھرور کی امیدواری کے مخالف
کیرالا میں بھارت جوڑو پدیاترا میں حصہ لے رہے وینوگوپال‘ سونیا گاندھی سے ملاقات کے لئے نئی دہلی چلے آئے۔ یہ ملاقات ایسے وقت ہوئی جب پارٹی کی صدارت کے لئے الیکشن ہونے کا امکان ہے۔ ششی تھرور میدان میں اترنا چاہتے ہیں۔
نئی دہلی / الاپوزا: کانگریس کے صدارتی الیکشن کے ہنگامہ کے بیچ پارٹی جنرل سکریٹری تنظیمی امور کے سی وینوگوپال نے منگل کے دن نئی دہلی میں اے آئی سی سی صدر سونیا گاندھی سے ملاقات کی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ میٹنگ کے ایجنڈہ میں تنظیمی معاملات اور صدارتی الیکشن سے متعلق امور شامل ہیں۔
کیرالا میں بھارت جوڑو پدیاترا میں حصہ لے رہے وینوگوپال‘ سونیا گاندھی سے ملاقات کے لئے نئی دہلی چلے آئے۔ یہ ملاقات ایسے وقت ہوئی جب پارٹی کی صدارت کے لئے الیکشن ہونے کا امکان ہے۔ ششی تھرور میدان میں اترنا چاہتے ہیں۔ ان کے مدمقابل اشوک گہلوت ہوسکتے ہیں۔
اسی دوران ششی تھرور کی کانگریس کا صدارتی الیکشن لڑنے کی پہل کیرالا پردیش کانگریس کو نہیں بھارہی ہے۔ پارٹی کے ایک سینئر قائد نے منگل کے دن اسے ترواننت پورم کے رکن پارلیمنٹ کا نجی فیصلہ قراردیا۔ ایک اور قائد نے واضح کردیا کہ پارٹی کا ریاستی یونٹ صرف اس قائد کو ووٹ دے گا جو نہرو خاندان کی فوقیت کو تسلیم کرتا ہے۔
کیرالا سے لوک سبھا میں ششی تھرور کے 2 ساتھیوں کے سریش اور کے مرلیدھرن نے اپنی ناراضگی ظاہر کردی ہے۔ ان دونوں قائدین نے واضح کردیا کہ پردیش کانگریس چاہتی ہے کہ راہول گاندھی پارٹی کی کمان سنبھالیں۔ سریش نے الاپووا میں میڈیا نمائندوں سے کہا کہ راہول گاندھی کے آمادہ نہ ہونے کی صورت میں وہ قائد پارٹی صدر بنے جو اے آئی سی سی کے ساتھ ساتھ قائدین اور ورکرس کی اکثریت کے لئے قابل ِ قبول ہو۔
انہوں نے کہا کہ کیرالا پردیش کانگریس اور ہم سبھی کی یہی خواہش ہے۔ سریش 7 مرتبہ لوک سبھا کے رکن رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جہاں تک ششی تھرور کی امیدواری کا سوال ہے‘ فیصلہ انہوں نے خود کیا ہے۔ ابھی تک یہ واضح نہیں کہ آیا انہوں نے اس سلسلہ میں پارٹی سطح پر تبادلہ خیال کیا یا نہیں۔
ششی تھرور کے الیکشن لڑنے کو سنجیدہ مقابلہ نہیں سمجھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں ششی تھرور کا الیکشن لڑنا پارٹی کے لئے کوئی بحران نہیں پیدا کرے گا۔ اسی دوران سینئر پارٹی قائد و رکن پارلیمنٹ مرلیدھرن نے کہا کہ ریاستی یونٹ صرف اس قائد کو ووٹ دے گا جو نہرو خاندان کی فوقیت مانتا ہو۔
انہوں نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ راہول گاندھی پھر سے پارٹی صدر بن جائیں۔ نہرو خاندان کے چشم و چراغ کا پارٹی کی کمان سنبھالنے میں پس و پیش ہر کسی کے لئے پریشان کن ہے۔ انہوں نے کہاکہ 30 ستمبر کو تصویر واضح ہوجائے گی۔
اس کے اگلے دن بھارت جوڑو یاترا ریاست کی سرحد پار کردے گی۔ ششی تھرور نے پیر کے دن سونیا گاندھی سے ملاقات کی تھی اور ارادہ ظاہر کیا تھا کہ وہ اے آئی سی سی صدارتی الیکشن لڑنا چاہتے ہیں۔ سونیا گاندھی نے ان سے کہا کہ وہ الیکشن میں ”نیوٹرل“ رہنا چاہیں گی۔ کانگریس کا صدارتی الیکشن یقینا تاریخی ہوگا کیونکہ نیا صدر‘ سونیا گاندھی کی جگہ لے گا جو 1998 سے (طویل عرصہ سے) پارٹی کی کمان سنبھالی ہوئی ہیں۔
2017 اور 2019 کے درمیان صرف 2 سال کے لئے راہول گاندھی پارٹی صدر بنے تھے۔ نامزدگیاں داخل کرنے کا عمل 24 تا 30 ستمبر ہوگا۔ 8 اکتوبر کو نامزدگیاں واپس لینے کی آخری تاریخ ہوگی۔ ضروری ہوا تو 17 اکتوبر کو ووٹنگ ہوگی اور 19 اکتوبر کو نتیجہ کا اعلان ہوجائے گا۔