کے سی آر کا دورہ بہار، گلوان وادی کے شہیدوں کے ورثا میں چیکس کی تقسیم
کے سی آر نے کہاکہ ملک کی سرحدوں کی حفاظت کرتے ہوئے وادی گلوان میں شہید ہونے والے فوجیوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے خاطر سب سے بڑی قربانی اپنی جان کی قربانی دینا ہے۔
حیدرآباد: چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے تلنگانہ اور بہار کے درمیان تعلقات کو دوستانہ اور بہترین قرار دیا۔ آج پٹنہ میں گلوان وادی میں شہید جوانوں کے افراد خاندان سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی قدیم تہذیب سے لیکر دور جدید تک نلندہ یونیورسٹی کا نام سن کر ہندوستانیوں کا سر فخر سے اونچاہوجاتا ہے۔
انہوں نے ملک کی سرحدوں کی حفاظت کرتے ہوئے وادی گلوان میں شہید ہونے والے فوجیوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے خاطر سب سے بڑی قربانی اپنی جان کی قربانی دینا ہے۔ ان بہادر فوجیوں کے افراد خاندان کا ساتھ دینا ہماری ذمہ داری اور خوش نصیبی ہے۔
میرا بہار آنے کا مقصد بھی یہی ہے کہ ان بہادر فوجیوں کے افراد خاندان کو تیقن دوں کہ ہم آپ کے ساتھ ہیں کے سی آر نے مزید کہا کہ تلنگانہ کی ترقی میں حصہ دار بننے بہار کے دوست حالیہ عرصہ کے دوران حیدرآباد میں پیش آئے حادثہ میں فوت ہوگئے ان کی موت ہمارے لئے بہت بڑا صدمہ اور دکھ کا باعث ہے۔
چیف منسٹر نے کہا کہ تلنگانہ کو کام کرنے آرہے مزدور ہماری ترقی کے نمائندے ہیں۔ کورونا کے وقت ہم نے انہیں تکلیف میں مبتلا کئے بغیر آبائی مقامات کو روانگی کیلئے سہولت فراہم کی تھی۔ قبل ازیں چیف منسٹر آج بیگم پیٹ ائیر پورٹ سے خصوصی طیارے میں حیدرآباد سے پٹنہ روانہ ہوئے۔
پٹنہ آمد پر چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے کے چندر شیکھر راؤ کا والہانہ استقبال کیا۔ بعدازاں پٹنہ میں منعقدہ ایک تقریب میں چیف منسٹر بہار نتیش کمار اور چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ کے ہاتھوں گلوان وادی میں ملک کی سرحدوں کی حفاظت کرتے ہوئے شہید ہوئے جوانوں کے افراد خاندان اور گذشتہ دنوں حیدرآباد میں پیش آئے آتش زدگی کے واقعہ میں فوت ہوئے بہاری مزدوروں کے افراد خاندان میں مالی مدد پر مبنی چیکس حوالہ کئے گئے۔
گلوان واری میں چینی افواج کے ساتھ ہوئی مٹھ بھیڑ میں شہید ہوئے ہندوستانی فوجیوں سنیل کمار، کندن کمار، امن کمار، چندں کمار اور جئے کشور کے افراد خاندان میں دس دس لاکھ اور حیدرآباد میں رونما ہوئے آتش زدگی کے واقعہ میں ہلاک سکندر رام، دنیش کمار، بٹو کمار، دیپک رام، ستیندرا کمار، گھیٹی لال رام، راجیش کمار، انکج کمار رام، پریم کمار، سندھو مہلدار، دامودر مہلدار اور راجیش کمار کے افراد خاندان میں پانچ لاکھ روپے کے چیکس حوالہ کئے گئے۔ اس موقع پر ڈپٹی چیف منسٹر بہار تیجسوی یادو و دیگر موجود تھے۔
چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے نظریات اور افکار بہترین ہیں۔ کے سی آر کی قیادت میں عوام پرور حکمرانی کی جارہی ہے۔ کورونا کے وقت کے سی آر کی خدمات بہترین اور ناقابل فراموش رہیں۔ جس طرح حکومت تلنگانہ کی کارکردگی رہی ویسی کارکردگی دوسری ریاستوں میں نہیں دیکھی جاسکی۔
نتیش کمار نے حکومت تلنگانہ کی جانب سے گلوان وادی میں چین کے ساتھ جھڑپوں میں شہید جوانوں کے افراد خاندان میں مالی مدد فراہم کرنے کے فیصلہ کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہید فوجیوں کے افراد خاندان کی مدد کرنا نہ صرف مرکزی حکومت بلکہ تمام ریاستی حکومتوں کی ذمہ داری ہے۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے مدد کیلئے آگے آنا قابل ستائش اقدام ہے۔
نتیش کمار نے حکومت تلنگانہ کی کارکردگی کو قابل رشک قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوام کی ترقی اور فلاح وبہبودگی کیلئے وقف ہوجانا معمولی بات نہیں ہے۔ انہوں نے مشن بھگیرتا کی تعریف کرتے ہوئے بہار کے عہدیداروں کو اس اسکیم کے متعلق معلومات حاصل کرنے اور بہار میں عمل کرنے کی ہدایت دی۔ اس موقع پر چیف سکریٹری بہار، چیف سکریٹری تلنگانہ سومیش کمار و دیگر موجود تھے۔