حیدرآباد

برسر اقتدار آنے پر مذہبی بنیاد پر تحفظات کو ختم کردیا جائے گا: کشن ریڈی

کشن ریڈی نے ریاستی حکومت پر جمہوریت کو مذاق بنا دینے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ عوام حکومت اور خاص طور پر چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے عاجز آچکے ہیں اور تبدیلی چاہتے ہیں۔

حیدرآباد: مرکزی وزیر سیاحت جی کشن ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں بی جے پی کو اقتدار حاصل ہونے کے بعد مذہب کی بنیاد پر تحفظات ختم کردئیے جائیں گے۔ آج یہاں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قبائیلوں کو دس فیصد تحفظات فراہم کرتے ہوئے مذہب کی بنیاد پر تحفظات کو مکمل طور پر ختم کردیا جائے گا۔

 انہوں نے ریاستی حکومت پر جمہوریت کو مذاق بنا دینے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ عوام حکومت اور خاص طور پر چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے عاجز آچکے ہیں اور تبدیلی چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے تلنگانہ کو بڑی مقدار میں فنڈس جاری کئے تھے مگر ریاستی حکومت نے ان فنڈس کو زیر تعمیر پراجکٹس کی تکمیل کیلئے استعمال کیا۔

 انہوں نے کے ٹی راما راؤ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ فارم ہاوز میں وقت گذاری کرنا کافی آسان ہے مگر کسی پراجکٹ کی منصوبہ بندی کرنا کافی مشکل ہے۔ صرف کمپیوٹر کے ذریعہ روزانہ کسی موضوع پر تبصرہ کردینا کافی نہیں کبھی وقت نکال کر کسی پراجکٹ کی تفصیلی رپورٹ ہی تیار کریں۔