کے سی آر کیخلاف مخالف تلنگانہ آندھرائی قائدین سرگرم
صدرنشین تلنگانہ قانون سازکونسل جی سکھیندر ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ مخالف آندھرائی طاقتیں کے سی آر کے خلاف سازشیں رچنے میں مصروف ہیں۔
حیدرآباد: صدرنشین تلنگانہ قانون سازکونسل جی سکھیندر ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ مخالف آندھرائی طاقتیں کے سی آر کے خلاف سازشیں رچنے میں مصروف ہیں۔
اپنے کیمپ آفس میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چند قومی سیاسی جماعتوں کے سا تھ ملکر آندھرا پردیش کے قائدین تلنگانہ کو اپنے شکنجہ میں رکھنا چاہتے ہیں۔
گذشتہ ایک سال کے دوران رونما سیاسی حالات کو دیکھنے سے پتہ چلتا ہے کہ ریاست میں صورتحال کو بگاڑنے کیلئے مسلسل سازش کی جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گورنر ڈاکٹر تمیلی سائی سوندرا راجن کی جانب سے حکومت کے خلاف عدم تعاون کا رویہ اختیا رکیا گیا ہے۔
بی جے پی صدر بنڈی سنجے کمار اور وائی ایس آر تلنگانہ پارٹی کی صدر وائی ایس شرمیلا کی جانب سے پیدل یاتراوں کے پس پردہ بھی سازشیں کارفرماں ہیں۔
آندھرا پردیش کے قائدین کی جاب سے رچی گئی سازش کے تحت ہی انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ، انکم ٹیکس اور سی بی آئی کے دھاوے کئے جارہے ہیں۔
ٹی آر ایس حکومت کو غیر مستحکم کرنے کیلئے ٹی آر ایس ارکان اسمبلی کو خریدنے کی کوشش کی گئی۔ انہوں نے عوام کو سازشی طاقتوں سے چوکس وچوکنا رہنے اور تلنگانہ کے پرامن ماحول کو برقرار رکھنے میں حکومت کی کوششوں کے ساتھ تعاون کرنے کی اپیل کی۔