شمالی بھارت

گجرات اسمبلی الیکشن مرحلہ دوم کی انتخابی مہم کا اختتام

گجرات اسمبلی الیکشن کے دوسرے اور آخری مرحلہ کے لئے ہائی وولٹیج انتخابی مہم ہفتہ کی شا 5 بجے ختم ہوگئی۔ 5 دسمبر کو 93 حلقوں میں ووٹ ڈالے جائیں گے جہاں 833 امیدوارمیدان میں ہیں۔

احمدآباد: گجرات اسمبلی الیکشن کے دوسرے اور آخری مرحلہ کے لئے ہائی وولٹیج انتخابی مہم ہفتہ کی شا 5 بجے ختم ہوگئی۔ 5 دسمبر کو 93 حلقوں میں ووٹ ڈالے جائیں گے جہاں 833 امیدوارمیدان میں ہیں۔

8دسمبر کو ووٹوں کی گنتی ہوگی۔ دوسرے مرحلہ میں ممتاز امیدواروں میں چیف منسٹر بھوپیندر پٹیل (گھٹلوڈیا)‘ پاٹیدار قائد ہاردک پٹیل (ویرام گام) اور او بی سی قائد الپیش ٹھاکر (گاندھی نگر ساؤتھ) شامل ہیں۔ ہاردک پٹیل اور الپیش ٹھاکر دونوں بی جے پی ٹکٹ پر الیکشن لڑرہے ہیں۔

پہلے مرحلہ میں سوراشٹرا‘ کچ اور جنوبی گجرات کے 89 حلقوں میں یکم دسمبر کو ووٹ ڈالے گئے تھے۔رائے دہی کا اوسط تناسب 63.31 فیصد رہا جو پچھلے الیکشن سے کم ہے۔ الیکشن میں اصل مقابلہ برسراقتدار بی جے پی‘ کانگریس اور اروند کجریوال کی عام آدمی پارٹی کے بیچ ہے۔

پیر کے دن جن 93 حلقوں میں پولنگ ہوگی وہ شمالی اور وسطی گجرات کے 14 اضلاع میں پھیلے ہوئے ہیں۔ ان میں احمدآباد‘ وڈودرہ (بڑودہ)اور گاندھی نگر شامل ہیں۔ ان حلقوں میں رجسٹرڈ ووٹرس کی تعداد 2 کروڑ 54 لاکھ ہے۔

26ہزار 409 بوتھس میں تقریباً 36 ہزار الکٹرانک ووٹنگ مشینیں استعمال کی جائیں گی۔دوسرے مرحلہ میں بعض مقامات پر بی جے پی کو باغی امیدواروں کا سامنا ہے۔