حیدرآبادسوشیل میڈیا

گرفتار3ملزمین کوجج کے گھرپر پیش کیاگیا

ٹی آرایس کے چار ارکان کی وفاداریوں کو خرید نے کی کوشش کے الزام میں گرفتار تین ملزمین کوپولیس نے آج سرورنگر میں جج کی رہائش گاہ پر پیش کیاگیا۔

حیدرآباد: ٹی آرایس کے چار ارکان کی وفاداریوں کو خرید نے کی کوشش کے الزام میں گرفتار تین ملزمین کوپولیس نے آج سرورنگر میں جج کی رہائش گاہ پر پیش کیاگیا۔

پولیس نے جج سے تینوں ملزمین کو تحویل میں دینے کی اپیل کی تاہم جج نے پولیس کی اس اپیل کومسترد کرتے ہوئے کہاکہ ملزمین کوپہلے سی آرپی سی کے دفعہ 41 کے تحت نوٹس جاری کرناچاہیے۔ فاضل جج نے کہاکہ نوٹس جاری کرنے کے بعد ہی ملزمین سے تفتیش کی جاسکتی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ شب شہر کے مضافات میں واقع معین آباد کے علاقہ عزیزنگر میں رکن اسمبلی تانڈورپی روہت ریڈی کے فارم ہاوز پر پولیس نے دھاواکرتے ہوئے حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے نندکمار‘پڑوسی ریاست آندھراپردیش کے انامیاضلع کے چنا مٹرم منڈل کے سری منت راجوپیٹھم کے نگرانکار سمہا یاجی‘فریدآباد سے تعلق رکھنے والے رام چندرا بھارتی عرف ستیش شرما کو حراست میں لیتے ہوئے ان سے شمس آباد رورل پولیس اسٹیشن میں تفتیش کی گئی تھی۔

آج شام شمس آباد رورل پولیس اسٹیشن میں تینوں ملزمین کی طبی جانچ کی گئی اور انہیں سرورنگر میں جج کی رہائش گاہ پر پیش کیاگیا۔

تینوں ملزمین پررکن اسمبلی اچم پیٹ گوالہ بالراجو‘ رکن اسمبلی پناپاکاکانتاراؤ‘ رکن اسمبلی کولاپورہرش وردھن ریڈی اور رکن اسمبلی تانڈورپی روہت ریڈی کو پارٹی وفاداری تبدیل کرنے کے عوض رقومات کنٹراکٹس اور عہدے دینے کی پیشکش کرنے کاالزام ہے۔

پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ان ملزمین کو گرفتار کرلیا۔آج ملزمین کوجج کے اجلاس پر پیش کرتے ہوئے عدالتی تحویل میں دینے کی خواہش کی گئی تاہم معززجج نے ملزمین کو تحویل میں دینے سے انکار کردیا۔