شمالی بھارت

گھروں اور دکانات پر 13 اور 15 اگست کے درمیان پرچم لہرانے کی اپیل

مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے آج یہاں عوام پر زور دیا ہے کہ وہ 13 اور 15 اگست کے درمیان اپنے مکانات‘ دکانات اور فیکٹریوں پر قومی پرچم لہرائیں۔ انہوں نے کہاکہ آزادی کا امرت مہااتسو تقریب کے ایک حصہ کے طور پر پرچم لہرائے جانے کا اہتمام کیا جانا چاہئے۔

احمد آباد: مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے آج یہاں عوام پر زور دیا ہے کہ وہ 13 اور 15 اگست کے درمیان اپنے مکانات‘ دکانات اور فیکٹریوں پر قومی پرچم لہرائیں۔ انہوں نے کہاکہ آزادی کا امرت مہااتسو تقریب کے ایک حصہ کے طور پر پرچم لہرائے جانے کا اہتمام کیا جانا چاہئے۔

انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے اس پروگرام کا اعلان کیاگیا ہے تاکہ بچوں اور نوجوانوں کو ملک کی کامیابیوں کے تعلق سے واقف کرواتے ہوئے شعور بیدار کیا جاسکے۔ انہوں نے کہاکہ آزادی کے 75 سال کے دوران ملک میں قابل لحاظ ترقیاتی اقدامات کئے گئے ہیں اور مختلف شعبوں میں ملک نے کامیابی حاصل کرلی ہے۔

مرکزی وزیر امیت شاہ نے ان تاثرات اور احساسات کا اظہار احمد آباد کے محلہ منی پور میں ایک تقریب کو مخاطب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ مرکز کے آزادی کا امرت مہااتسو پروگرام کو کامیاب بنایا جانا چاہئے۔ یہ اسی صورت میں ممکن ہوسکے گا جبکہ عوام 13 اور 15 اگست کے درمیان دکانات‘ فیکٹریوں اور مکانات پر قومی ترنگا لہرائیں گے۔

انہوں نے کہاکہ اس طرح کی تقاریب کا مقصد عوام میں حب الوطنی کے جذبہ کو فروغ دینا بھی ہے۔ امیت شاہ جو کہ حلقہ گاندھی نگر سے لوک سبھا میں نمائندگی کرتے ہیں۔ یہاں ایک واٹر سپلائی پروجیکٹ کے افتتاح کے بعد بتایا کہ جب بوپال اور گھوما کے لئے پانی کی سربراہی کوئی مسئلہ نہیں رہے گی۔

گجرات میں احمد آباد اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے تحت محلہ جات کو پانی سربراہ کیا جارہا ہے۔ جہاں اس سال کے اوائیل اسمبلی کے انتخابات ہونے والے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ 70 ہزار افراد کو اب پینے کے پانی کی سربراہی کا کوئی مسئلہ نہیں رہے گا۔ دریائے نرمدا سے پانی کی سربراہی کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔

انہوں نے اپنے حلقہ میں 211 کروڑ روپے مالیت کے مختلف پروجکٹس کا افتتاح کیا اور سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر امیت شاہ نے کہاکہ ہرگھر ترنگا لہرانے کے لئے مہم چلائی جائے گی تاکہ ہندوستان کے نوجوانوں میں حب الوطنی کے جذبہ کو فروغ دیا جاسکے۔ انہوں نے کہاکہ مذکورہ مہم کا مقصد ہمارے مجاہدین آزادی کی خدمات کی یاد تازہ کرنا بھی ہے۔

انہوں نے کہاکہ ہم ترنگا لہراتے ہوئے مجاہدین آزادی کو خراج عقیدت پیش کریں گے۔ امیت شاہ نے کہاکہ قومی پرچم پوسٹ آفیسس‘ کوآپریٹیو سوسائٹیز‘ میونسپل کارپوریشنس میں دستیاب رہیں گے۔ انہوں نے کہاکہ عوام کو چاہئے کہ وہ ترنگا لہرائیں اور ایک سیلفی اس کے ساتھ پوسٹ کریں۔ اس مقصد کے لئے مرکزی حکومت کی ویب سائٹ سے استفادہ کیا جاسکتاہے۔

انہوں نے کہاکہ 3 روزہ مہم کے دوران 20 کروڑ ترنگے ملک کے مختلف مقامات پر لہرائے جائیں گے۔ 13 اور 15 اگست کے درمیان عوام اپنے گھروں اور مقامات پر قومی پرچم لہراتے ہوئے مذکورہ مہااُتسو کو کامیاب بنانے کی راہ ہموار کریں گے۔

امیت شاہ نے احمد آباد کے کلوپوراور سابرمتی ریلوے اسٹیشنوں کی تزئین نو کے تعلق سے بھی اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ 5 برسوں کے دوران حکومت اس پر عمل آوری ہوگی اور مذکو رہ ریلوے اسٹیشنوں کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ نریندر مودی نے جبکہ وہ گجرات کے چیف منسٹر کے ریاست کو ترقی دینے کے لئے ممکنہ اقدامات شروع کئے تھے تاکہ ملک کی ریاستوں میں یہ ترقی کے نقطہ نظر سے سرفہرست رہے۔ اب جبکہ وہ وزیراعظم بن گئے ہیں اب بھی ان کی ان کوششوں اور اقدامات کو روبہ عمل لایا جارہا ہے۔

مرکزی وزیر نے پردھان منتری آواز یوجنا کے تحت77.5 کروڑ روپے کی لاگت سے واٹر سپلائی پروجکٹ کا بھی افتتاح کیا‘ اس کے علاوہ ہاوزنگ پراجکٹ کا بھی افتتاح کیاگیا جس پر 7.73 کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔ انہوں نے ایک فلائی اوور کا بھی سنگ بنیاد رکھا۔