مشرق وسطیٰ

رمضان المبارک میں ایک سے زیادہ عمرہ ادا کرنے پر پابندی

سعودی وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ ’رمضان کے دوران کسی شخص کو ایک سے زیادہ عمرے کی اجازت نہیں ہے۔ تمام لوگ صرف ایک بارعمرہ کریں۔

ریاض: سعودی وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ ’رمضان کے دوران کسی شخص کو ایک سے زیادہ عمرے کی اجازت نہیں ہے۔ تمام لوگ صرف ایک بارعمرہ کریں۔

دوسروں کو بھی عمرہ کرنے کا موقع دیں۔‘ عکاظ اخبار کے مطابق وزارت حج و عمرہ نے ایک بیان میں کہا کہ رمضان میں ایک مرتبہ عمرے کی پابندی سے دوسروں کو اطمینان اور آسانی کے ساتھ عمرے کا موقع مل سکے گا۔‘

وزارت حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ ’جو لوگ عمرہ کرنا چاہتے ہوں وہ ’نسک ایپ‘ کے ذریعے پرمٹ جاری کرائیں اور وقت کی پابندی کریں۔‘

بیان میں کہا گیا ہے کہ ’عمرے کی مقررہ تاریخ اور وقت میں ترمیم کی گنجائش سسٹم میں موجود نہیں ہے جو لوگ نسک ایپ کے ذریعے عمرہ پرمٹ جاری کرائیں گے اگر وہ اس میں ترمیم کرنا چاہتے ہوں تو انہیں پرمٹ منسوخ کرنا ہوگا۔

’منسوخی کی کارروائی پرمٹ کا وقت شروع ہونے سے قبل ہی کرائی جا سکتی ہے۔ منسوخ کرنے کے بعد نیا پرمٹ جاری کرایا جائے۔‘ وزارت نے مزید کہا کہ ’اگر عمرہ پرمٹ منسوخ کرانے کے بعد نئے پرمٹ کے اجرا کے لیے وقت نہ ملے تو اس سے دلبرداشتہ نہ ہوں بلکہ کوشش جاری رکھیں۔‘