بھارت

ہماری فوج زبردست طاقتور ہے مگر حکومت بہت ہی کمزور: اسد اویسی

صدر مجلس اتحادالمسلمین و رکن پارلیمنٹ حیدرآباد بیرسٹر اسد الدین اویسی نے یہ الزام عائد کرتے ہوئے کہ وزیر اعظم نریندر مودی یہ بیان کرتے ہوئے کہ ہمارے حدود میں کوئی داخل نہیں ہوا ہے ملک کو گمراہ کررہے ہیں

حیدرآباد: صدر مجلس اتحادالمسلمین و رکن پارلیمنٹ حیدرآباد بیرسٹر اسد الدین اویسی نے یہ الزام عائد کرتے ہوئے کہ وزیر اعظم نریندر مودی یہ بیان کرتے ہوئے کہ ہمارے حدود میں کوئی داخل نہیں ہوا ہے ملک کو گمراہ کررہے ہیں، ارونا چل پردیش کے توانگ میں خط قبضہ پر بھارتی اور چینی فوجیوں کے درمیان تازہ جھڑپ پر پارلیمنٹ میں مباحث نہ کروانے پر پیر کو ایک بار پھر مرکز پر تنقید کی۔

مجلس کے سربراہ نے یہ بھی کہا کہ بھارتی فوج طاقت ور ہے مگر حکومت نہایت ہی کمزور ہے اور چین سے خوف زدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے یہ کہتے ہوئے کہ کوئی بھی ہمارے حدود میں داخل نہیں ہوا، ملک کو گمراہ کررہے ہیں۔ سٹلائٹ عکس ظاہر کرتے ہیں کہ چینی فوجیوں نے دیسپانگ اور ڈیمچوک پر قبضہ کرلیا ہے۔

وہ مسلسل ہماری زمین پر قبضہ کررہے ہیں اس کے باوجود آیا چین کے ساتھ تجارت جاری رہنی چاہئے؟ اویسی نے پارلیمنٹ میں اس پر کل جماعتی اجلاس یا ذرائع ابلاغ کے بغیر مباحث کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو چاہئے کہ وہ چین کے تعلق سے کیا فیصلہ کیا ہے اس کے بارے میں ہمیں آگاہ کرے۔

اگر حکومت سیاسی قیادت کا مظاہرہ کرتی ہے تو سارا ملک اس کی حمایت کرے گا۔ ہماری فوج بہت طاقت ور ہے مگر حکومت بہت زیادہ کمزور ہے اور چین سے ڈرتی ہے۔ اویسی نے ٹوئٹ کرتے ہوئے اور سکم اور ارونا چل پردیش میں خط قبضہ سے چینی جارحیت سے متعلق ایک نیوز آرٹیکل کا تراشہ منسلک کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت نے عوام اور پارلیمنٹ کو اندھیرے میں رکھا ہے۔

وہ چین کے تعلق سے حقیقت کے افشاء سے گھبراتی ہے۔ چینی جارحیت کے تعلق سے حقائق کو پوشیدہ رکھنے میں مودی حکومت کیوں دلچسپی رکھتی ہے۔ سرحدی تنازع سے حکومت کے نمٹنے کے انداز پر کانگریس قائد راہول گاندھی کی تنقید کو وزیر امور خارجہ ایس جئے شنکر کی جانب سے پیر کو استرداد کے باوجود اویسی نے یہ تازہ تنقید کی۔

جئے شنکر نے انڈیا ٹوڈے کے انڈیا۔جاپان کانکلیو سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوج چین کو یکطرفہ طور پر حقیقی خط قبضہ کے جوں کے توں مؤقف کو تبدیل کرنے نہیں دے گی اور سرحد پرفوج کی موجودہ تعیناتی کی نظیر پہلے کبھی نہیں ملتی۔