ہمارے لڑکے نے سرینڈر کیا۔ کٹر سکھ مبلغ کی ماں کا دعویٰ
ریاستی پولیس زائد از ایک ماہ سے اس کا تعاقب کررہی تھی۔ 29 سالہ امرت پال کو صبح 6:45 بجے اس وقت گرفتار کرلیا گیا جب پولیس نے موضع روڈے کو گھیر لیا۔

چندی گڑھ: کٹر مبلغ امرت پال سنگھ کو اتوار کی صبح پنجاب کے ضلع موگا کے موضع روڈے سے گرفتار کرلیا گیا۔ ریاستی پولیس زائد از ایک ماہ سے اس کا تعاقب کررہی تھی۔ 29 سالہ امرت پال کو صبح 6:45 بجے اس وقت گرفتار کرلیا گیا جب پولیس نے موضع روڈے کو گھیر لیا۔
اس کے پاس بچ نکلنے کا کوئی راستہ نہیں تھا۔ انسپکٹر جنرل پولیس سکھ چین سنگھ گل نے چندی گڑھ میں نیوز کانفرنس میں یہ بات بتائی۔ مہلوک عسکریت پسند جرنیل سنگھ بھنڈران والے کا تعلق موضع روڈے سے ہی تھا اور امرت پال سنگھ کو گزشتہ برس اسی موضع میں ایک تقریب میں تنظیم ”وارث پنجاب دے“ کا صدر بنایا گیا تھا۔
گل نے کہا کہ امرت پال کو قومی سلامتی قانون (این ایس اے) کے تحت ڈبرو گڑھ (آسام) لے جایا گیا۔ پولیس عہدیدار نے ویڈیو میں امرت پال کے اس دعویٰ کی تردید کی کہ اس نے سرینڈر کیا۔ گل نے کہا کہ ہمیں امرت پال کی موضع روڈے میں موجودگی کی اطلاع ملی تھی، جس کے بعد ہم نے سارے گاؤں کو گھیر لیا۔
پولیس نے کہا کہ وہ اس گردوارے میں داخل نہیں ہوئی جہاں امرت پال موجود تھا۔ سابق جتھے دار اکال تخت جسبیر سنگھ روڈے نے دعویٰ کیا کہ امرت پال نے سرینڈر کیا اور میں اس وقت وہاں موجود تھا۔ انھوں نے موگا میں میڈیا نمائندوں سے کہا کہ امرت پال نے پہلے حاضرین سے خطاب کیا اور بعد میں گردوارہ سے باہر آکر سرینڈر کیا۔ ایک اور ویڈیو میں امرت پال کو بھنڈران والے کی تصویر کے سامنے بیٹھا دیکھا جاسکتا ہے۔
وہ 18 مارچ سے فرار تھا۔ 18 مارچ کو ضلع جالندھر میں اور 28 مارچ کو ہوشیار پور میں وہ پولیس کے ہاتھ آنے سے محفوظ رہا تھا۔ اسی دوران خصوصی طیارہ کے ذریعہ امرت پال کو آسام پہنچا دیا گیا۔ ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ امرت پال کو لے کر کڑے پہرے والا قافلہ بھٹنڈا سے تقریباً 2:20 بجے ڈبرو گڑھ ایئرپورٹ پہنچا۔ امرت پال کو کڑے پہرے میں خصوصی کوٹھری میں رکھا گیا ہے۔
آسام پولیس کے ساتھ پنجاب پولیس کی ٹیم بھی جیل میں موجود ہے۔ آسام پولیس نے اس تعلق سے کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا ہے۔ سنٹرل جیل میں کئی گھیرے والی سیکوریٹی کا انتظام کیا گیا ہے۔ جیل کمپاؤنڈ کو آسام پولیس کی ایلیٹ فورس بلیک کیاٹ کمانڈوز، سی آر پی ایف اور دوسرے سیکوریٹی عملہ نے گھیر رکھا ہے۔ ڈبرو گڑھ سنٹرل جیل انگریزوں نے 1859-60 میں 15.54 ایکڑ اراضی پر تعمیر کرائی تھی۔
یہ ملک کی قدیم ترین اور کڑے پہرے والی جیلوں میں ایک ہے۔ اس کے 9 ساتھی پہلے سے اسی جیل میں موجود ہیں۔ آئی اے این ایس کے بموجب چیف منسٹر پنجاب بھگونت مان نے اتوار کے دن کہا کہ ملک میں نظم و ضبط کو درہم برہم کرنے کی کوشش کرنے والے کسی بھی شخص کے ساتھ ریاست کارروائی کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت انتقام کی سیاست نہیں کرتی۔
اس نے خالصتانی علیحدگی پسند امرت پال سنگھ کی گرفتاری میں تحمل برتا۔ انھوں نے کہا کہ میں نے پنجاب پولیس کو ہدایت دی تھی کہ گرو گرنتھ صاحب کا تقدس برقرار رہے۔ امرت پال سنگھ کو 35 دن بعد گرفتار کیا گیا۔ چیف منسٹر نے پنجاب پولیس کی کارروائی کی ستائش کی۔
بیٹے کی گرفتاری پر امرت پال کی ماں بلویندر کور نے کہا کہ ہمیں پتہ چلا ہے کہ اس نے خود کو قانون کے حوالے کیا۔ مجھے فخر ہے کہ اس نے ایک جنگجو کی طرح سرینڈر کیا ہے۔ ہم قانونی لڑائی لڑیں گے اور اس سے جلد ملاقات کریں گے۔ امرت پال کے باپ ترسیم سنگھ نے کہا کہ ہمیں ٹی وی سے پتہ چلا کہ اس نے سرینڈر کیا ہے۔