حیدرآباد

کے سی آر عیدالفطر کی مبارکباد دینے محمود علی کے گھر پہنچے

حیدرآباد: چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے عیدالفطر کے موقع پر ہفتہ کو وزیر داخلہ و سینئر قائد بھارت راشٹرا سمیتی مسٹر محمد محمود علی کی رہائش گاہ پہنچ کر عید کی خوشیاں منائیں۔

وزیر داخلہ کے ارکان خاندان نے چیف منسٹر کا والہانہ استقبال کیا اور ان کو تہنیت پیش کی۔ چیف منسٹر کے ہمراہ چند وزراء، ارکان اسمبلی اور پارٹی کے سینئر قائدین بھی موجود تھے۔

اس موقع پر انہوں نے عیدالفطر کی افادیت کا تذکرہ کیا اور درگزر کرنے، صلہ رحمی اور اخوت کے فروغ پر زور دیا اور کہا کہ یہ اقدار ماہ صیام میں روزہ رکھنے سے مزید فروغ پاتے ہیں۔

اس موقع پر انہوں نے وزراء اور مسلم مذہبی پیشواؤں سے بھی بات چیت کرتے ہوئے انہیں عید کی مبارک بادی دی۔ چیف منسٹر نے اس موقع پر وہاں پہنچنے والے مذہبی پیشواؤں سے بھی ملاقات کی اور ان سے تبادلہئ خیال کیا۔

بعدازاں انہوں نے دیگر لوگوں سے بھی ملاقات کی اور انہیں مبارک باد دی۔ وہاں موجود سینئر پارٹی قائد ستار گلشنی کو دیکھ کر انہیں اپنے قریب طلب کیا اور ان سے بغل گیر ہوئے۔

ستار گلشنی علحدہ تلنگانہ ریاست کی تحریک سے ہی پارٹی امور میں سرگرم ہیں۔ اس موقع پر صدرنشین وقف بورڈ مسٹر محمد مسیح اللہ خان بھی موجود تھے۔